پاک چین اقتصادی راہداری سے پاکستان سمیت پورے خطے کو فائدہ پہنچے گا، سفاک درندوں نے گلشن اقبال پارک میں بربریت کا گھناوٴنا کھیل کھیلا، پاکستانی قوم کا دہشت گردی کے خلاف عزم مزید پختہ ہوا ہے

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی چینی قونصل جنرل سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 6 اپریل 2016 13:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 اپریل۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام ہورہاہے اور ان منصوبوں سے پاکستان سمیت پورے خطے کوغیر معمولی فائدہ پہنچے گا۔

(جاری ہے)

لاہورمیں چین کے قونصل جنرل یوبورن نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے اموراورمختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پرتبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پر چینی قونصل جنرل نے سانحہ گلشن اقبال پارک پراظہارافسوس کیا۔

ملاقات کے دوران شہبازشریف نے کہا کہ سفاک درندوں نے گلشن اقبال پارک میں بربریت کا گھناوٴنا کھیل کھیلا، پاکستانی قوم کا دہشت گردی کے خلاف عزم مزید پختہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان لازوال دوستی مفید معاشی تعلقات میں ڈھل چکی ہے، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام ہورہاہے، ان منصوبوں سے پاکستان سمیت پورے خطے کوغیر معمولی فائدہ پہنچے گا۔