قومی ٹیم 32 ویں ایشین سنوکر چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے 9 اپریل کو قطر روانہ ہو گی

بدھ 6 اپریل 2016 13:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 اپریل۔2016ء) قومی ٹیم 32 ویں ایشین سنوکر چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے 9 اپریل کو قطر روانہ ہو گی۔ چاروں قومی کیوئسٹس محمد آصف، محمدسجاد، محمدبلال اور سہیل شہزاد چیمپئن شپ سے قبل قطر کے کیوئسٹس کے ساتھ مشترکہ تربیتی کیمپ میں شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

منگل کو پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس اے) کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق قطر بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن نے پی بی ایس اے کو اپنے کیوئسٹس کو شیڈول سے ایک ہفتہ قبل قطر بھیجنے کی درخواست کی ہے تاکہ دونوں ممالک کے کھلاڑی ایک ساتھ مشترکہ تربیتی کیمپ میں شرکت کر کے ایونٹ کی تیاری کریں۔

پی بی ایس اے نے قطر بلیئرڈ ایسوسی ایشن کی درخواست منظور کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو 9 اپریل کو قطر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آفیشلز اور ریفریز طے شدہ شیڈول کے مطابق 15 اپریل کو قطر روانہ ہوں گے۔ واضح رہے کہ ایشین چیمپئن شپ 16 سے 23 اپریل تک کھیلی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :