دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں ،سربراہ پاک فضائیہ

بدھ 6 اپریل 2016 12:59

رسالپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 اپریل۔2016ء) پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے ، وطن عزیز کی حفاظت کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ، پاک فضائیہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں اہم کردار ادا کررہی ہے،ملک کو امن کے گہوارہ بنا کر دم لیں گے ، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رسالپور میں عراقی فضائیہ کے کمانڈرپاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جوپاک فضائیہ کی 116ویں نان جی ڈی کیڈٹس کی پاسنگ آوٴٹ تقریب تھی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر عراقی ائیر فورس لیفٹیننٹ جنرل انور حامد امین تھے۔

(جاری ہے)

پاک فضائیہ کی شیر دل ٹیم نے فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا۔ تقریب میں ایئر چیف مارشل سہیل امان بھی موجود تھے۔

مہمان خصوصی لیفٹیننٹ جنرل انور حامد امین کمانڈر عراقی ائیر فورس نے گارڈ آف آنر کا استقبال کیا۔ اس موقع پر بینڈ فضا میں مسحور کن دھن بکھیرتا رہا ، کیڈٹس کے چاک و چوبند دستے نے مہمان خصوصی کو سلامی دی۔ اس موقع پر عراق کے قومی ترانے کی دھن بجائی گئی جبکہ پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا گیا۔ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرائض کی بجا آوری کے ساتھ کیڈٹس اپنی تعلیمی استعداد پر بھی توجہ دیں۔

انہوں نے کہاکہ عراقی کمانڈرکی موجودگی دونوں ممالک کے بہترتعلقات کی عکاسی ہے اورتربیت کا معیارقابل تعریف ہے۔ایئر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ وطن عزیز کی سلامتی کیلئے دشمن کی کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے ہر وقت تیار ہے اور پاکستان کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ نکال باہر کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ پاک فضائیہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں اہم کردار ادا کررہی ہے اور ،ملک کو امن کے گہوارہ بنا کر دم لیں گے ، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔تقریب میں 53 پاکستانی جبکہ 17 عراقی کیڈٹس پاس آوٴٹ ہوئے۔ مہمان خصوصی نے پاس آوٴٹ ہونے والے کیڈٹس کو بیجز لگائے اور اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :