سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز کے پرامن انعقاد سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا اچھا تاثر جائے گا، سید سلطان شاہ

بدھ 6 اپریل 2016 12:20

اسلام آباد ۔ 6 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 اپریل۔2016ء) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدر سید سلطان شاہ نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹی 20 ہوم سیریز پرامن انعقاد سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا اچھا تاثر جائے گا‘ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بھی بحال ہونی چاہئے‘ ٹی 20 سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کا سری لنکا کے خلاف کلین سوئپ خوش آئند ہے اس سیریز میں 4 نوجوان باصلاحیت کھلاڑی بھی سامنے آئے ہیں۔

بدھ کو اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 اپریل۔2016ء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ٹی 20 ہوم سیریز میں زیادہ تر نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا جنہوں نے تینوں ٹی 20 میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے سری لنکا کے خلاف 3-0 سے کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹی 20 سیریز میں چار باصلاحیت نوجوان کھلاڑی سامنے آئے ہیں جن کی کارکردگی قابل ستائش رہی ہے جن کھلاڑیوں نے ٹی 20 سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ان میں فصیح اللہ‘ ریاست‘ محسن خان اور محمد راشد شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستان کی وہی ٹیم برقرار رہے گی جنہوں نے ٹی 20 میں کلین سوئپ کیا ہے۔ سید سلطان شاہ نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے خلاف تین ٹی 20 کے پرامن انعقاد سے پاکستان کا بین الاقوامی سطح پر اچھا تاثر جائے گا اور اس سے دیگر بین الاقوامی ٹیمیں بھی پاکستان کے دورہ پر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز میں وزارت داخلہ ‘ آئی جی پنجاب اور دیگر سیکورٹی اداروں کا بھرپور سیکورٹی فراہم کرنے پر شکر گزار ہوں۔

اسی طرح حساس اداروں نے بھی سیکورٹی کا بھرپور خیال رکھا ۔ اس سیریز کے پرامن انعقاد کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بھی بحال ہونی چاہئے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے خلاف پہلا ایک روزہ میچ (آج) جمعرات اور دوسرا (کل) جمعہ کو گجرانوالہ میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 10 اپریل کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک روزہ میچوں میں بھی قومی ٹیم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے سری لنکا کے خلاف کلین سوئپ کرے گی۔

متعلقہ عنوان :