کوہستان:شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے 13خواتین سمیت25افراد ہلاک‘ گلگت بلتستان کا زمینی رابطہ7دن سے منقطع ، غذائی قلت پیدا ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 6 اپریل 2016 11:34

کوہستان:شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے 13خواتین سمیت25افراد ہلاک‘ ..

اسلام آباد(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔06اپریل۔2016ء) شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم7ویں روز بھی بند ہے ، گلگت بلتستان کا زمینی رابطہ منقطع ہے ، غذائی قلت پیدا ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ، مظفر آباد کے نواحی علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ نے سو سے زائد گھر ملیامیٹ کر دئیے۔ کوہستان میں ملبے تلے دبے 25 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی۔

قیامت خیز بارش کے سلسلے ، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے گلگت بلتستان ، کشمیر اور خیبرپختونخوا میں تباہی اور بربادی مچا رکھی ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم ساتویں روز بھی بند ہے۔ گلگت بلتستان کا زمینی رابطہ منقطع ہے جس کے باعث غذائی قلت پیدا ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ شانگلہ کے قریب کارشٹ کے علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی درخت گرگئے۔

(جاری ہے)

لوگوں کی نقل مکانی بھی جاری ہے۔ کوہستان کے علاقے کندیا میں گھروں پر تودہ گرنے سے 25افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے جن میں 13 خواتین بھی شامل ہیں۔ لاشیں نکالنے کا کام جاری ہے۔ ادھر مظفر آباد کے نواحی علاقے ڈنہ کے میں پہاڑ سرکنے سے 100 سے زائد گھر ملیامیٹ ہوگئے۔ متاثرین بے گھر ہو کر کسمپرسی کے عالم میں ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تو جاری ہیں تاہم لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکیں بند ہونے کے باعث ٹیموں کو دور دراز مقامات تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

متعلقہ عنوان :