ایم این اے نفیسہ شاہ کا سکھر سوئیٹ ہوم کا دورہ

منگل 5 اپریل 2016 22:55

سکھر ۔ 5 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔05 اپریل۔2016ء) رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ اور پاکستان سوئیٹ ہومز کی سابق سفیر جہاں آر ا وٹو نے سکھر میں پاکستان بیت المال کی جانب سے قائم پاکستان سوئیٹ ہوم کا دورہ کیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق اس موقع پر ایک سادہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جہاں آرا وٹو نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کا خواب اور نظریہ تھا کہ پاکستان کا کوئی بھی بچہ بے سہارا نہ رہے اس خواب کو تعبیر پی پی نے اقتدار میں آکر پاکستان سوئیٹ ہومز کی تعمیر کی صورت میں دی، اس وقت ملک میں 37 سوئیٹ ہومز ہیں جس کا سہرا شہید رانی بینظیر، پی پی حکومت اور خاص طور پر زمرد خان کے سر ہے۔

جہاں آرا وٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سوئیٹ ہومز میں رہائش پذیر بچوں کے دکھ سکھ میں ساتھ ہے اور ان کے سر سے شفقت کا ہاتھ کبھی بھی نہیں ہٹائے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم این اے ڈاکٹرنفیسہ شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جن بچوں کے سر سے ماں باپ کا سایہ چھن جائے ان کے سر پر دست شفقت رکھنا اور ان کا سہارا بننا دنیا کے عظیم کاموں میں سے ایک کام ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر بچے کے دل میں خواب اور امیدیں ہوتی ہیں جو کہ وہ مضبوط سہارے سے ہی پوری کر سکتے ہیں۔ پی پی حکومت نے یتیم بچوں کو بہتر پرورش، دیکھ بھال ، تعلیم اور صحت کی سہولیات دینے کے لئے کئی پروگرام شروع کئے ہیں ، خیرپور میں بھی بے سہارا بچوں کے لئے ایک سینٹر قائم کیا گیا ہے ۔ اس سے قبل سوئیٹ ہوم سکھر کے انچارج شبیر میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوئیٹ ہوم کی نئی عمارت کی تعمیر کا کام آخری مراحل میں ہے ، یہاں رہائش پذیر 100سے زائد بچوں کو پبلک اسکول سکھر میں تعلیم دی جارہی ہے ۔ تقریب کے دوران سوئیٹ ہومز کے بچوں نے ٹیبلو ز پیش کیے اور مہمانان کی خدمت میں گلدستہ اور اجرک کے تحائف بھی پیش کئے۔