سردار سورن سنگھ کا اقلیتی برادری کے نوجوانوں کیلئے سکل ڈیویلپمنٹ سکولز کے قیام کا اعلان

منگل 5 اپریل 2016 22:52

پشاور ۔ 05 اپریل ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔05 اپریل۔2016ء )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور سردار سورن سنگھ نے اقلیتی برادری کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کیلئے کوہاٹ ، بنوں اور ڈی آئی خان میں سکل ڈیویلپمنٹ سکولز کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت پارٹی قائد عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے بھر کی اقلیتوں کو ہر شعبہ ہائے زندگی میں تمام سہولیات انکی دھلیز پر پہنچانے کیلئے کوشاں ہے او ر اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے کئی پروگرام شروع کر دئیے ہیں ۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے منگل کے روز کیتھولک چرچ کوہاٹ میں ویلفےئر پیکج برائے اقلیت خیبر پختونخوا کے تحت نادار خواتین میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ مذکورہ پیکج کے تحت صوبے بھر کی اقلیتی برادری کی مستحق خواتین میں 1کروڑ روپے کی امدادی رقم تقسیم کی جائے گی ۔ سورن سنگھ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ولولہ انگیز قیادت میں تمام لوگوں کو بلاامتیاز اور سستے انصاف کی فراہمی کے نعرے کو عملی جامہ پہنانے پر عمل پیرا ہے اور صوبے میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے مختلف اداروں میں اصلاحات کررہی ہے اور اس کے مثبت نتائج بھی سامنے آرہے ہیں۔

انہوں نے اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لئے کئے گئے اقداما ت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اقلیتوں کے لئے مالی امداد ، سٹوڈنٹس سکالرشپ ،فری بکس اور میرج گرانٹ جیسے پروگرام شروع کئے ہیں جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ سٹوڈنٹس سکالر شپ پروگرام کے تحت نچلی سطح سے لے کر میڈیکل و انجینئرنگ کے اقلیتی طلباء کو 50ہزار روپے تک وظائف دئیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سکل ڈیویلپمنٹ سکولز کے فارغ التحصیل طلباء کو کورس مکمل کرنے پر متعلقہ ہنر کے کٹس اور کیش بھی دیا جائے گا تاکہ وہ عملی زندگی میں اپنا کاروبار شروع کر کے باعزت طریقے سے اپنے خاندان کی کفالت کر سکے۔قبل ازیں اقلیتی ڈسٹرکٹ کونسلر جاوید ناچیز نے بھی خطاب کیا اور اقلیتوں کو درپیش مسائل و مشکلات پر روشنی ڈالی۔