شانگلہ اکاوٴنٹس آفس کے سینئر آڈیٹر عمر حیات کے خلاف کروڑوں روپے کے اثاثہ جات بنانے پرریفرنس دائر

منگل 5 اپریل 2016 22:52

پشاور ۔ 05 اپریل ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔05 اپریل۔2016ء )خیبرپختونخوا احتساب کمیشن نے سینئر آڈیٹر ڈسٹرکٹ اکاوٴنٹس آفس شانگلہ عمرحیات ولد مسافر خان کے خلاف ریفرنس دائر کر دیا ہے جن پر اپنے اوراپنے اقرباء کے نام پربھاری اثاثہ جات بنانے جو ان کے ذرائع آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے کے ذریعے کرپشن کرنے کے الزامات ہیں۔

(جاری ہے)

پریس ریلیز کے مطابق انکوائری کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم بنیادی طورپر ضلع شانگلہ کے ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتا ہے جس کے معاشی حالات نہایت کمزورتھے تاہم دوران سرکاری ملازمت اس نے بڑی دولت بنائی اس کا وہ مناسب طور پر حساب بھی نہیں دے سکتا۔

ان کے قانونی اثاثہ جات میں دیگر کے علاوہ پلاٹس، بنگلے ، ہوٹلز ،انشورنس پالیسیوں میں سرمایہ کاری ،گاڑیوں کی خریداری کے کاروبارمیں سرمایہ کاری اورمختلف بنک اکاوٴنٹس میں بھاری بنک ٹرانزکشنز شامل ہیں جس کی مالیت کروڑوں روپے بنتی ہے۔