عدالتی کمیشن کا خیر مقدم، سازشی عناصر الزامات عدالتی کمیشن میں ثابت کریں،اسماعیل راہو

منگل 5 اپریل 2016 22:50

کراچی ۔ 5 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔05 اپریل۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر و نومنتخب رکن سندھ اسمبلی اسماعیل راہو نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی طرف سے اعلیٰ سطح کے عدالتی کمیشن کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخالفین کو چاہئے کہ وہ ان الزامات کو کمیشن میں ثابت کریں۔ وزیر اعظم کے قوم سے خطاب پر ”اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔

05 اپریل۔2016ء“ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کے خاندان کے خلاف الزامات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں اور یہ جھوٹ کا پلندا ہے، اس کے باوجود وزیر اعظم نے اپنے آپ کو نہ صرف عوام کے سامنے پیش کیا بلکہ اعلیٰ عدالتی کمیشن بنانے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں اس معاملہ پر عدالتی کمیشن بنانے کی ضرورت نہیں تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سازشی عناصر کو موجودہ حکومت کے خلاف کرپشن کا کوئی اسکینڈل نہیں ملا تو وہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے۔ اسماعیل راہو نے کہا کہ موجودہ دور میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے ، پاک چین اقتصادی راہداری اور توانائی بحران کے خاتمہ کے لئے اقدامات وزیراعظم محمد نواز شریف کی بڑی کامیابی ہے، ترقی کا سفر سازشی عناصر کو ہضم نہیں ہو رہا اس لئے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔