وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے پشتو کے فروغ کیلئے پشتواکیڈمی پشاور کیلئے ایک خود مختار بورڈ تشکیل دینے کاحکم دیدیا

حکومت اکیڈمی کے فروغ میں ہرممکن اقدامات کرے گی ،وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویزخٹک کی یقین دہانی

منگل 5 اپریل 2016 20:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے پشتو کے فروغ کیلئے فعال کردار ادا کرنے کی غرض سے پشتواکیڈمی پشاور کیلئے ایک خود مختار بورڈ تشکیل دینے اور اکیڈمی کے مالی استحکام کیلئے موثر طریق کار وضع کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

(جاری ہے)

وہ منگل کے روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں سینئر صوبائی وزیر سکندر حیات شیر پاؤ کی سربراہی میں اکیڈمی کے ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے وفد کے اراکین میں ڈائریکٹر پشتو اکیڈمی ڈاکٹر نصر اﷲ جان وزیر، ڈاکٹر فرخندہ لیاقت اور ڈاکٹر نور محمد دانش شامل تھے وفد نے وزیراعلیٰ کو پشتو اکیڈمی کے مسائل اور پشتو ادب کے فروغ میں حائل رکاوٹوں سے آگاہ کیا وفد نے اکیڈمی کے مالی مسائل پر قابو پانے کیلئے مستقل حل کا مطالبہ کیا وزیراعلیٰ نے پشتو زبان و ادب کے فروغ اور اکیڈمی کو صحیح معنوں میں فعال بنانے کیلئے حکومتی عزم کا اظہار کرتے ہوئے اس کے درپیش مسائل کے طریق کار کو وضع کرنے کی ہدایت کی انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت اکیڈمی کے فروغ میں ہرممکن اقدامات کرے گی وزیر اعلیٰ نے پشتو زبان و ادب کے فروغ کیلئے اکیڈمی کی توسیع کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے گندھارا بورڈ کے طرز پر اکیڈمی کیلئے با اختیار بورڈ تشکیل کرنے کی ہدایت کی اس سلسلے میں ڈائریکٹر پشتو اکیڈمی ڈاکٹر نصراﷲ جان وزیر کو فوکل پرسن نامزد کیا گیا وفد نے اس موقع پر ثقافت کے فروغ اور فنون لطیفہ سے وابستہ افراد کی حوصلہ افزائی کیلئے اُٹھائے گئے حکومتی اقدامات کو سراہا اور اسے بہتری کی طرف مثبت اقدام قرار دیا اس موقع پر ڈائریکٹر پشتو اکیڈمی نے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو پشتو زبان و ادب پر مشتمل کتابوں کا تحفہ بھی پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :