ٹیچنگ ہسپتالوں کے ساتھ فلٹر کلینکس منسلک کرنے کا کام شروع ہوگیا

وحدت کالونی ڈسپنسری اور سمن آباد ہسپتال کو جناح ہسپتال کے ساتھ فوری اٹیچ کرنے کافیصلہ مقصد ٹرشری ہسپتالوں میں رش کم کرنا اور مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی ہے ‘ سیکرٹری صحت نجم احمد شاہ

منگل 5 اپریل 2016 20:10

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 اپریل۔2016ء) ٹیچنگ ہسپتالوں میں مریضوں کا رش کم کرکے معمولی نوعیت کے امراض میں مبتلا مریضوں کو مقامی طو رپر علاج معالجہ کی بہترسہولیات فراہم کرنے کے منصوبے کے تحت ٹیچنگ ہسپتالو ں کے ساتھ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی ڈسپنسریوں اور چھوٹے ہسپتالوں کو منسلک کرنے کے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے اور پہلے مرحلہ میں وحدت کالونی ڈسپنسری اور سمن آباد ہسپتال کو جناح ہسپتال کے ساتھ فوری طو رپر اٹیچ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے یہ ڈسپنسریاں اور چھوٹے ہسپتال ریفرل سسٹم پر کام کریں گے جہاں سے شدید بیمار افراد کو متعلقہ ٹیچنگ ہسپتال میں ریفر کیا جا ئے گا۔

اس بات کا فیصلہ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب نجم احمد شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ اظہر عباس ملک، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج/جناح ہسپتال پروفیسر محمود شوکت، ای ڈی او ہیلتھ لاہور ڈاکٹرذوالفقار علی، ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر سعید او رپرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کے افسران نے شرکت کی۔

سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نجم احمد شاہ نے کہا کہ ٹیچنگ ہسپتالو ں میں سروس ڈلیوری سٹم کو بہتر بنانے ، مریضوں کو علاج معالجہ کی مزید بہتر سہولیات فراہم کرنے اور Bed occupancy کو کم کرنے کے لئے صوبے میں ریفرل سسٹم بنایا جا رہاہے۔ انہوں نے کہاکہ لاہور کے دیگر ٹرشری ہسپتالوں کے ساتھ بھی سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ لاہورکی ڈسپنسریاں اور چھوٹے ہسپتال اٹیچ کئے جائیں گے تاکہ عام اور معمولی امراض کا علاج مقامی سطح پر ہو اور مریضوں کو صحت کے روزمرہ مسائل کے لئے بڑے ہسپتال میں آنا نہ پڑے۔

نجم احمد شاہ نے ہدایت کی اس سلسلہ میں مکمل روڈ میپ تیار کرکے پیش کیا جائے کہ کون کون سے فلٹر کلینکس /ڈسپنسریاں کس ٹیچنگ ہسپتال کے ساتھ اٹیچ کی جانی چاہیے ۔انہوں نے تمام ہسپتالو ں کو اپنا Logo تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہاکہ جو فلٹر کلینک جس ہسپتال کیساتھ اٹیچ ہوں گے ان پر متعلقہ ہسپتال کا Logoلگایا جائے گا تاکہ عوام کی رہنمائی ہو سکے۔سیکرٹری صحت نے مزید کہاکہ پہلے مرحلہ میں لاہور کے ٹیچنگ ہسپتالوں کے ساتھ فلٹر کلینک منسلک کرنے کے بعد اس سکیم کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بڑھا دیا جائیگاتاکہ کوالٹی ہیلتھ کیئر سروسز عوام کو میسر آسکیں۔ نجم احمد شاہ نے اس سلسلے میں ایک عملدرآمد کمیٹی بھی تشکیل دی۔

متعلقہ عنوان :