پانامہ لیکس انکشافات :کمیشن کا پولیٹکیل فنانس ونگ جائزہ لے رہا ہے،بابر یعقوب

پی ٹی آئی سمیت کسی بھی سیاسی جماعت یا رکن اسمبلی نے کوئی شکایت الیکشن کمیشن میں جمع نہیں کرائی اثاثے جمع نہ کرانے والے اراکین کی رکنیت معطل کی گئی ہے،الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی کارکردگی سے مکمل مطمئن ہونے کے بعد ہی عام انتخابات میں استعمال کیا جائیگا، سیکرٹری الیکشن کمیشن کا میڈیا سینٹر کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو

منگل 5 اپریل 2016 18:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 اپریل۔2016ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سیکرٹری بابر یعقوب نے کہاہے کہ پانامہ لیکس میں کئے جانے والے انکشافات کو دیکھ رہے ہیں اور کمیشن کا پولیٹکل فنانس ونگ اس کا جائزہ لے رہا ہے تاہم ابھی تک ایسا کچھ بھی سامنے نہیں آیا ہے جس کا نوٹس لیا جائے اور پی ٹی آئی سمیت کسی بھی سیاسی جماعت یا رکن اسمبلی نے کوئی شکایت الیکشن کمیشن میں جمع نہیں کرائی ہے ،جن اراکین اسمبلی نے ابھی تک اپنے اثاثے الیکشن کمیشن کے پاس جمع نہیں کرائے ہیں ان کی رکنیت معطل کی گئی ہے ،الیکٹرانیک ووٹنگ مشین کی کارکردگی سے مکمل طور پر مطمئن ہونے کے بعد ہی اسے عام انتخابات میں استعمال کیا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں میڈیا سنٹر کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ پانامہ لیکس میں اب تک جو کچھ سامنے آیا ہے اس میں ایسی کوئی بات نہیں ہے کہ اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کو سمری بھجوائی جائے انہوں نے کہاکہ اب تک کسی بھی سیاسی جماعت نے پانامہ لیکس کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں کیا ہے تاہم الیکشن کمیشن میں موجود پولیٹکل فنانس ونگ پانامہ لیکس کا تفصیل سے جائزہ لے رہا ہے اور جو بھی صورتحال سامنے آئے گی اسی کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا انہوں نے کہاکہ ابھی تک کئی اراکین اسمبلی نے اپنے اثاثے ظاہر نہیں کئے ہیں اور ان کی رکنیت معطل ہے انہوں نے بتایاکہ انتخابات میں بائیو میٹرک سسٹم اور الیکٹرانیک ووٹنگ مشین کے استعمال کے بارے میں ابتدائی تجربات کئے جا رہے ہیں تاہم ای وی ایم سسٹم سے مکمل طور پر مطمئن ہونے کے بعد ہی اسے عام انتخابات میں استعمال کیا جائے گاانہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے بعد کراچی میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں بھی ووٹروں کی سہولت کے لئے جی آئی ایس سسٹم آزمانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ووٹرز اپنے اپنے پولنگ سٹیشنز میں باآسانی پہنچ سکیں گے انہوں نے کہاکہ میڈیا ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا پارٹنر ہے اور میڈیا کے تعاؤن سے آئندہ انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گا۔