Live Updates

بھارت ‘نیوزی لینڈ ‘ آسٹریلیا اور فرانس میں تحقیقات شروع ہیں ‘ پاکستان میں صاحب اقتدار لوگوں کو کوئی نہیں پکڑتا ‘ عمران خان

منگل 5 اپریل 2016 14:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ پاناما پیپرز کے انکشافات کے بعد بھارت ‘ نیوزی لینڈ ‘آسٹریلیا ‘فرانس اور دیگر ممالک میں تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ‘یہاں ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ کرنے والے صاحب اقتدار لوگوں کو کوئی نہیں پکڑتا۔انسداد دہشت گردی عدالت میں پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس کے سلسلے میں پیشی کے موقع پر عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے حکومت کو ایک مرتبہ پھر پاناما لیکس پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

عمران خان نے کہاکہ میں نے کوئی جرم نہیں کیا ‘ جنہوں نے جرم کیا ہے اور باہر پیسے بھجوائے ہیں ‘ وہ دندناتے پھر رہے ہیں۔عمران خان نے قومی احتساب بیورو (نیب) سے پاناما پیپرز پر تحقیقات کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ اگر نیب کو اپنی ساکھ برقرار رکھنی ہے تو فوری تحقیقات کا آغاز کیا جائے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی چیئرمین نے ایک مرتبہ پھر وزیراعظم نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے وفادار لیگی رہنما نواز شریف سے پوچھیں پیسہ کہاں سے آیا؟پاناما لیکس کوئی سازش نہیں ‘حقیقت ہے ‘وزیراعظم نواز شریف کو بتانا پڑے گا کہ پیسہ بیرون ملک کیسے گیا؟عمران خان نے میٹرو اور اورنج ٹرین پروجیکٹ کی بھی تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ معلوم کیا جائے کہ یہ پیسہ کہاں جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے دھرنے کے شرکاء کے خلاف مقدمات کو بھی ناانصافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جمہوری حکومتوں میں احتجاج کرنا لوگوں کا حق ہے۔انھوں نے دھرنے کے شرکاء کے خلاف مقدمات ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر انصاف نہیں ملا تو وہ پھر سڑکوں پر نکلیں گے۔عمران خان نے کہاکہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے دھرنا دینے والے گرفتار کارکنان جمہوریت کے ہیرو ہیں ‘بیس ماہ سے مقدمہ زیر التواء رکھنا ظلم ہے ‘ انصاف فراہم کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ دھاندلی پر الیکشن کمیشن ‘ عدالتوں نے انصاف نہیں دیا جس کے بعد تحریک انصاف نے پر امن احتجاج کا راستہ اپنایا مقدمے میں نامزد ہونے پر ضمانت کروانے سے متعلق سوال پر عمران خان نے کہا کہ کیا میں نے پیسہ چوری اور دھاندلی کی ہے ؟ یا لوگوں کا مینڈیٹ چرایا ہے سرمایہ بیرون ملک رکھنے والے دندناتے پھر رہے ہیں عمران خان نے دھرنے کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے مقدمے میں ضمانت نہ کروانے اور گرفتاری نہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ تو ضمانت کروائیں گے اور نہ ہی گرفتاری دیں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات