ڈالفن فورس کے اہلکاروں،دو ڈی ایس پیز میں بروقت کارروائی کرنے ،مجرموں کا تعاقب کرکے گرفتارکرنے پر کیش انعامات تقسیم

پنجاب پولیس میں احتسابی عمل کے ساتھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا ‘ مشتاق سکھیرا

پیر 4 اپریل 2016 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 اپریل۔2016ء) آئی جی پنجاب، مشتاق احمد سکھیرا نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس میں احتسابی عمل کے ساتھ ساتھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تا کہ کارکردگی کے ساتھ ساتھ فورس کے مورال کو بھی بلند رکھا جائے اور شہریوں اور پولیس میں اعتماد کی فضاء کو بحا ل کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس لاہور میں ڈالفن فورس کے 16اہلکاروں بشمول دو ڈی ایس پیز میر کاشف اور محمود الحسن کو دوران ڈیوٹی بروقت کارروائی کرنے اور مجرموں کا تعاقب اور گرفتاری کرنے پر ایک لاکھ روپے کے کیش انعامات تقسیم کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سی سی پی او لاہور، کیپٹن (ر) امین وینس، ڈی آئی جی آپریشنز، ڈاکٹر حیدر اشرف اور ایس پی مجاہد، انچارج ڈالفن فورس ،کرار حسین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق، ڈالفن فورس کے اہلکاروں نے کل صبح گلبرک کے علاقے میں ایک شاہد نامی شخص کو اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ ایک عورت سے پرس چھین کر بھاگ رہا تھا۔ پٹرولنگ ڈیوٹی پر موجود ڈالفن فورس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس کا پیچھا کیا اور اسے گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا۔ جبکہ دوسرے واقعہ میں دو دن قبل 2اپریل کو ڈیفنس کے علاقے میں 15 پر کچھ لوگوں نے دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کی اطلاع دی جس پر ڈالفن فورس کے اہلکار 2منٹ کے اندر رسپانڈ کرتے ہوئے موقعہ پرپہنچے اور زخمیوں کو ریسکیو1122کے ذریعے ہسپتال پہنچایا اور پانچ ملزموں کو گرفتار کر لیا۔

اسی طرح تیسرے واقعہ میں 2اپریل 2016ء کو ڈالفن فورس کلب چوک علاقہ تھانہ ریس کورس میں ناکے پر کھڑی تھی کہ4بجے کے قریب موٹر سائیکل پر سوار دو مشکوک افراد کو روکنے کااشارہ کیا تو انہوں نے رکنے کی بجائے فرار ہونے کی کوشش کی تو ڈالفن فورس کے جوانوں نے تعاقب کر کے انہیں گرفتار کر لیا اور ان کی تلاشی کے دوران معلوم ہوا کہ وہ شراب کے 24 کین اور 2بوتلیں لے کر جا رہے تھے جس پر ڈالفن فورس نے کارروائی کرتے ہوئے تمام بوتلیں اور کین قبضے میں لے کر موٹر سائیکل سواروں کومقامی پولیس کے حوالے کر دیا۔

متعلقہ عنوان :