آئی ایم ایف کے وفدکی پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار فضا پیدا کرنے پر حکومتی اقدامات کی تعریف

وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے،شہباز شریف کی وفد سے گفتگو

پیر 4 اپریل 2016 22:39

لاہور۔4 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 اپریل۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ(آئی ایم ایف) کے وفد نے ملاقات کی جس میں آئی ایم ایف کے وفد نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار فضا پیدا کرنے کے لیے حکومتی اقدامات کی تعریف کی- وفد کا کہنا تھا کہ ہمیں خوشی ہوئی کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی متحرک قیادت میں صوبے میں کاروبار کے لیے بہترین ماحول فراہم کیا گیا ہے-آئی ایم ایف کے وفدنے سانحہ گلشن اقبال پارک کی مذمت کی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا-وزیر اعلی شہباز شریف نے آئی ایم ایف کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں حکومتی اقدامات کے باعث معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے-سرمایہ کاروں کا موجودہ حکومت پر اعتماد بحال ہوا ہے -انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کرپشن کے حوالے سے عالمی درجہ بندی میں بہتری کا اعتراف ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل برلن نے بھی کیا ہے-منصوبوں کی شفاف اور اعلی معیار سے تکمیل کے کلچر کو پروان چڑھایا گیا ہے - وفد کی قیادت آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر مشرق وسطی اور وسطی ایشیاء مسعود احمد کررہے تھے -پاکستان کیلئے آئی ایم ایف کے ریذیڈنٹ نمائندے ٹوکہر میرزویوبھی اس موقع پر موجود تھے -صوبائی وزیرخزانہ عائشہ غوث پاشا،مشیر ڈاکٹر اعجازنبی،چیف سیکرٹری،چےئرمین منصوبہ بندی وترقیات، متعلقہ سیکرٹریز اوراعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔