جاسوس کی گرفتاری سے بھارت کے مذموم منصوبے پوری دنیا پر واضح ہو گئے ،بھارت ‘ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ناکام بنانے کیلئے قتل و غارت گری کا بازار گرم کرنا چاہتا ہے ،خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارشوں سے متاثرہ خاندانوں کی ہرممکن امداد کررہے ہیں،امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ سعید کا تقریب سے خطاب

پیر 4 اپریل 2016 22:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 اپریل۔2016ء) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ ہندوستانی جاسوس کی گرفتاری سے بھارت کے مذموم منصوبے پوری دنیا پر واضح ہو گئے ،بھارت ‘ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ناکام بنانے کیلئے قتل و غارت گری کا بازار گرم کرنا چاہتا ہے ،خیبر پی کے، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارشوں سے متاثرہ خاندانوں کی ہرممکن امداد کررہے ہیں ، فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے رضاکارمتاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔

متاثرین میں کھانا اور دیگر اشیاء تقسیم کی جارہی ہیں۔ مرکز القادسیہ میں جماعۃالدعوۃ لاہورکے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب سے خطاب اور بعد ازاں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مسلمان ملکوں میں خودکش حملے اور داعش جیسی تنظیمیں پروان چڑھانا بیرونی قوتوں کی خوفناک سازش ہے۔

(جاری ہے)

عالم اسلام کو متحد ہوتا دیکھ کر مسلمان ملکوں کا امن برباد کیا جارہا ہے۔

سعودی عرب اور پاکستان بیرونی قوتوں کا سب سے بڑا ہدف ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کا ملکر مسلمانوں کو متحد کرنا بیرونی قوتوں کو برداشت نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم ملکوں میں دہشت گردی پھیلانا صلیبیوں و یہودیوں کا پرانا وطیرہ ہے۔ سارا عالم اسلام ان کے نشانہ پر ہے۔ شام، یمن اور عراق کی طرف سے سعودی عرب کا گھیراؤ کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔

مسلمانوں کے روحانی مرکز میں خودکش دھماکے کروائے جارہے ہیں اور یہی حالات پاکستان میں پید اکئے گئے ہیں۔ کبھی پشاور اور کبھی لاہور میں بے گناہوں کا خون بہایا جارہا ہے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ مسلمان بہت بڑی قوت بن رہے ہیں۔ وہ انہیں کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کفار مسلمانوں کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔ مسلمانوں کیخلاف میڈیا کے ذریعے پروپیگنڈا کو جنگی ہتھیار کے طو رپر استعمال کیا جارہا ہے۔

مسلمانوں کو جانی و مالی نقصانات سے دوچار کیا جارہا ہے۔ جب سے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ طے پایا انہیں برداشت نہیں ہوا۔ کل بھوشن کو ٹارگٹ یہ دیا گیاتھا کہ یہ منصوبہ کامیاب نہ ہواور اس سلسلہ میں یہاں قتل و غارت گری کا ماحول پیدا کیا جائے۔لیکن اب وہ مزید دہشت گردگرفتار کروا رہا ہے ۔ہنزہ، گلگت جیسے علاقوں میں راکے کون لوگ کام کر رہے تھے؟ وہ پکڑوا رہا ہے۔

آج انڈیا ساری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے۔ یہ اﷲ کی بہت بڑی مدد ہے۔پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کامیاب ہو اور ایٹمی پاکستان کو عالم اسلام کی قیادت مل جائے۔ مسلمانوں کی معاشی قوت مضبوط ہو۔ ان کو یہ باتیں برداشت نہیں ہیں۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ مسلمان کفار کو اپنا دوست نہ سمجھیں۔ ان کی سازشوں کے مقابلہ کیلئے باہم متحد ہو جائیں۔

یہ اﷲ کے قرآن کا حکم ہے۔ کفار مسلمانو ں کو اس قدر کمزور کرنا چاہتے ہیں کہ وہ اپنا دفاع کرنے کے بھی قابل نہ رہیں۔انہوں نے کہاکہ بیرونی قوتیں دنیا بھر میں اسلام کی پھیلتی ہوئی دعوت سے سخت پریشان ہیں۔ وہ متحد ہو کر اس کا راستہ روکنا چاہتے ہیں۔ دنیائے کفر سمجھتی ہے کہ مسلمانوں نے پہلے کمیونزم کا خاتمہ کیا اب مغرب کے سرمایہ دارانہ نظام بھی بکھر رہے ہیں۔افغانستان میں اتحادی ممالک شکست سے دوچار ہو چکے۔ وہ دیکھ رہے ہیں کہ اسلام دنیا میں ابھر رہا ہے۔ ان کے سیاسی و معاشی ڈھانچے ختم ہو رہے ہیں۔ بیرونی قوتوں نے میدانوں نے بہت وسائل استعمال کئے ۔ دہشت گردی کا نام لیکر مسلمانوں کیخلاف شدت پسندی کا پروپیگنڈا کیالیکن اﷲ تعالیٰ نے ان کی سب سازشیں ناکام بنا دیں۔