حکومت ملک سے غربت اور بے روزگاری ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے،ترقی یافتہ دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں ہر شعبے میں انجینئرز،ڈاکٹرز،سائنسدان اور ماہرین پیدا کرنا ہوں گے

وفاقی وزیرصنعت و پیدوار غلام مرتضی جتوئی کا افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 4 اپریل 2016 22:27

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیرصنعت و پیدوار غلام مرتضیٰ جتوئی نے کہا ہے کہ حکومت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی ترقی کے ذریعے ملک سے غربت اور بے روزگاری ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے ، ترقی یافتہ دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں ہر شعبے میں انجینئرز،ڈاکٹرز،سائنسدان اور ماہرین پیدا کرنا ہوں گے۔

وہ پیرکے روزملتان کی این ایف سی انجینئرنگ و ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے نئے بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر وائس چانسلراین ایف سی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی ڈاکٹراخترحسین کالرو،رجسٹرار نصراﷲ خان بابر ودیگر بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر غلام مرتضیٰ جتوئی کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایس ایم ای سیکٹر کو فروغ دے کر برآمدات کو بڑھایا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ترقی یافتہ ممالک میں ایس ایم ای سیکٹر کے سوا اقتصادی ترقی کا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سٹیل ملزاور اس کی منیجمنٹ کیلئے اسٹریٹجک پارٹنرتلاش کررہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے پاکستان میں آٹو انڈسٹری کو فروغ دینے کیلئے حال میں ہی نئی آٹو پالیسی کا اعلان کیا ہے۔لوئرمڈل کلاس کیلئے 600سی سی سے800سی سی تک کی گاڑیوں کو سستی اور ان کی پہنچ میں لانے کیلئے حکمت عملی ترتیب دے رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت میں چھوٹی گاڑیاں سستی ہیں لہذا پاکستان میں بھی کم قیمت میں کاروں کو ڈیزائن کرنے کیلئے آٹو انڈسٹری کے صنعت کاروں سے رابطے میں ہیں۔