Live Updates

عمران خان نے صوبے میں تبدیلی کی بجائے پشتون بچوں کو چوہوں کے شکار پر لگا دیا ہے،حیدر خان ہوتی

صوبائی حکومت کی مشاورت سے ملاکنڈ ڈویژن میں کسٹم ایکٹ کا نفاذ عوامی قربانیوں کی تضحیک ہے،،صدر عوامی نیشنل پارٹی

پیر 4 اپریل 2016 21:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 اپریل۔2016ء) سابق وزیراعلیٰ اور اے این پی کے صوبائی صدر امیرحیدرخان ہوتی نے کہاہے کہ شہباز شریف پنجاب میں نوجوانوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کررہے ہیں جبکہ کپتان نے روزگار دینے کی بجائے ہمارے پختون بچوں کو چوہوں کے شکار پر لگادیاہے۔ ملاکنڈ میں صوبائی حکومت کی مشاورت سے کسٹم ایکٹ کا نفاذ وہاں کے عوام کی پاکستان کے لئے دی گئی قربانیوں کی تضحیک ہے، ٹیکس کی واپسی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

وہ پیر کی شام حلقہ پی کے 26کے علاقہ میاں کلے گوجرگڑھی ایک بڑے جلسے سے خطاب کررہے تھے اے این پی کے کارکنوں نے اپنے صوبائی صدر کو ایک بڑے جلوس میں جلسہ گاہ پہنچادیا کارکن جگہ جگہ ڈھول کی تاپ پربھنگڑے ڈالتے رہے۔ جلسے میں شاہد خان جنرل کونسلر ،شہاب باچہ ، پیر احمد حسین ،عجب خان نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت اے این میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

امیرحیدرخان ہوتی نے نئے شامل ہونے والوں کو ٹوپیاں پہنائیں اور انہیں مبارک باددی جبکہ پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری لطیف الرحمان ،مرکزی کونسل کے رکن اور سابق امیدوار ملک اعجاز خان نے بھی خطاب کیا۔ امیرحیدرخان ہوتی نے کہا کہ مرکزی اورصوبائی حکومت نہ جانے پختونوں کو کس جرم کی سزا دے رہی ہیں تبدیلی کے دعویداروں نے روزگار کے متلاشی نوجوانوں کو تین سال بعد چوہے مارنے پر لگادیاہے اگر یہ تبدیلی ہے تو ایسی تبدیلی کو پختون نہیں مانتے اور 2018ء وعدوں کو ایفا نہ کرنے والوں کا خیبرپختون خوا سے بوریابستر گول کردیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ملاکنڈ ڈویژن کے عوام نے پاکستان کی بقاء کی خاطر نہ صرف جانوں کے نذرانے پیش کئے بلکہ پاکستانی پرچم کو سربلند رکھا لیکن آج انہیں مراعات دینے کی بجائے الٹا ان پر ظالمانہ ٹیکس لگائے جارہے ہیں جس کی کسی قیمت پرا جازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے ملاکنڈ میں کسٹم ایکٹ کی فوری واپسی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اے این پی ظالمانہ ٹیکس کی واپسی تک احتجاج جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کا خیبرپختون خوا کے غریب عوام کے مسائل سے کوئی سرورکار نہیں اور مسلسل پختونوں کو نظر انداز کرنے کی پالیسی اختیارکررکھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ سب کچھ اس لئے کیاجارہاہے کہ یہ دونوں جماعتیں پختون دھرتی کو اپنے گھر نہیں مانتے بلکہ وہ کرایہ دار ہیں اورکرایہ داروں کو پرائے گھر کی فکر نہیں ہوتی یہ ہماری دھرتی ہے اور اس کی خدمت ہم کریں گے۔

امیرحیدرخان ہوتی نے کہاکہ اے این پی کے دور حکومت میں ہرطرف ترقی کا دوردورہ تھا تبدیلی والوں کے دور میں ترقی کا پہیہ رک گیاہے اورتین سال گزرنے کے باوجود کوئی نیا منصوبہ شروع نہیں کیاگیا بلکہ ہمارے ترقیاتی منصوبوں پر اپنے نام کی تختیاں لگارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عمران خان وزیراعظم بننے کے لئے پنجاب کی سیاست کررہے ہیں جبکہ میاں نوازشریف اپنی کرسی بچانے میں لگے ہوئے ہیں انہوں نے کہاکہ قیام پاکستان سے لے کر 2008تک صوبے میں صر ف 9یونیورسٹیاں تھیں جبکہ ہم نے اپنے دورحکومت میں دس یونیورسٹیاں قائم کرکے صوبے بھر میں علم کی روشنیاں بکھیر دیں۔

امیرحیدرخان ہوتی نے کارکنوں کوہدایت کی کہ وہ پختون قوم کی یکجہتی اور اتحاد واتفاق کے لئے گھر گھر جاکر جرگے کریں اوران میں قوم پرستی کا جذبہ ابھارنے کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :