مہاجر اتحاد تحریک ہی مہاجروں کو بحران سے نکال سکتی ہے، بہارالدین شیخ

پیر 4 اپریل 2016 21:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 اپریل۔2016ء)مہاجر اتحاد تحریک کے جنرل سیکریٹری بہارالدین شیخ نے کہا ہے کہ مہاجر اتحاد تحریک اور اس کی قیادت ہی مہاجر قوم کو موجودبحرانوں سے نکال سکتی ہے کیونکہ آج کی صورتحال کی نشاندہی ہم نے 15 سال پہلے ہی کردی تھی اور ہم شخصیت پرستی کو مہاجر قوم کی تباہی کی بنیادی وجہ سمجھتے ہیں۔ اب بھی وقت ہے کہ مہاجروں کو اپنی قوم کو بچانے اور انہیں ترقی کی منازل پر لے جانے کیلئے شخصیت پرستی کے بجائے قوم پرستی کی سیاست کرنی ہوگی۔

مہاجر اب باشعور ہوچکے ہیں اور مہاجر اتحاد تحریک ہی مہاجروں کی امید کا آخری سہارا ہے۔ موجودہ سیاسی صورتحال میں مہاجر اتحاد تحریک حکمت عملی تیار کررہی ہے جبکہ کارکنان گلی گلی ، محلہ، محلہ جاکر مہاجروں کو نا امیدی کی دلدل سے نکالتے ہوئے ڈاکٹر سلیم حیدر کا پیغام ان تک پہنچائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج پڑھے لکھے تعلیم یافتہ مہاجر نوجوان اپنے مستقبل سے مایوس ہیں ۔

روزگار سے لے کر تعلیم تک کے دروازے ان پر بند کردیئے گئے ہیں۔ جس کے ذمہ دار وہ مہاجر قیادت ہے جو ہمیشہ اقتدار میں رہنے کے باوجود بے اختیاری کا رونا روتی ہے۔ لیکن اب مہاجر بار بار ایک ہی سوراخ سے نہیں ڈسے جائیں گے ۔ مہاجر اتحاد تحریک مہاجروں کو اس دلدل سے نکالنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ عوامی رابطہ مہم تیز کردیں اور مہاجر اتحاد تحریک اور اس کی قیادت کا پیغام لوگوں تک پہنچائیں۔