این اے 245کے ضمنی الیکشن میں نامزد حق پرست امیدوار محمد کمال کی انتخابی مہم عروج پر پہنچ گئی

پیر 4 اپریل 2016 20:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 اپریل۔2016ء) این اے 245کے ضمنی الیکشن میں نامزد حق پرست امیدوار محمد کمال کی انتخابی مہم عروج پر پہنچ گئی ہے ، انتخابی مہم کے سلسلے میں گزشتہ روز نارتھ ناظم آباد ٹاؤن حیدری مارکیٹ پر بڑا انتخابی جلسہ ہوا جبکہ حلقہ انتخاب کے مختلف علاقوں میں کارنر میٹنگوں اور گھر گھر عوامی رابطہ مہم کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔

گزشتہ روز انتخابی مہم کے سلسلے میں نارتھ ناظم آباد یوسی 17سخی حسن پر بڑی انتخابی کارنر میٹنگ منعقد ہوئی جس سے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کی رکن محترمہ ذرین مجید اور حق پرست رکن قومی اسمبلی آصف حسنین نے خطاب کیا۔ اسی طرح نارتھ ناظم آباد یوسی 16شادمان اور نارتھ کراچی کی یوسی 4بارہ دری میں کارنر میٹنگیں منعقد ہوئیں جن سے نامزد حق پرست امیدوار محمد کمال ، حق پرست ارکان قومی اسمبلی عبد الوسیم اور محبوب عالم نے خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم کیوایم سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکین بھی موجود تھے ۔ کارنر میٹنگ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کی رکن محترمہ ذرین نے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین واحد لیڈر ہیں جنہوں نے 3سال قبل بھی اپنی ہی پارٹی کے بڑے عہدوں پر فائز ایسے عناصر کی نشاندہی کردی تھی جو چائنا کٹنگ ، گھروں پر قبضے اور لوٹ مار میں ملوث تھے لیکن بدقسمتی سے آج ایسے جرائم میں ملوث اور ایم کیوایم کے لئے بدنامی کا باعث بننے والے نام نہاد ٹولہ کو اسٹیبلشمنٹ کے بعض عناصر کی سرپرستی میں لاکر الطاف حسین کی کردار کشی کا مزموم عمل کرایاجارہا ہے تاکہ عوام میں اشتعال پیدا ہو ۔

انہوں نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین اور عوام کا رشتہ مضبوط ہے اور رہے گا اور اس میں دراڑیں ڈالنے والے ماضی کی طرح ذلیل ر سوا ہوں گے ۔ کارنر میٹنگ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے نامزد حق پرست امیدوار این اے 245محمد کمال نے کہاکہ ایم کیوایم کو دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح اس کے جائز جمہوری اور سیاسی حقوق دیئے جائیں اور عوام میں پیدا ہونے والے احساس محرومی کو دور کیاجائے۔

انہوں نے کہاکہ سیاسی اور جمہوری عمل میں عوامی حمایت کی طاقت کا منبع ہے اور عوامی حمایت کو پیروں تلے روندنے کا عمل کرنے والے کسی طرح بھی ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہوسکتا ہے ۔ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے حق پرست ارکان قومی اسمبلی نے کہاکہ این اے 245کے ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم میں عوامی جوش و خروش نے نامزد امیدوار محمد کمال کی جیت کی قبل از وقت نشاندہی کردی ہے ۔ انہوں نے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ نامزد حق پرست امیدوار محمد کمال کو 7، اپریل 2016ء کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں ووٹ دیکر کامیاب کراکر الطاف حسین سے اپنی والہانہ عقید ت ومحبت کو ایک مرتبہ پھر دنیا پر ثابت کردیں ۔

متعلقہ عنوان :