چیئرمین واپڈا کی زیرصدارت اجلاس میں واپڈا پن بجلی گھروں کے آپریشن اور مرمت کا جائزہ

خان خواڑ اور جناح پن بجلی گھروں کے دو دو یونٹوں پر مرمت کا کام ہائی واٹر فلوسیزن سے قبل مکمل کر لیا جائیگا، ممبر پاور کی بریفنگ

پیر 4 اپریل 2016 20:11

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 اپریل۔2016ء) چیئرمین واپڈا ظفر محمود کی زیرصدارت واپڈا ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں واپڈا کے پن بجلی گھروں کے آپریشن اور مرمت کا جائزہ لیا گیا۔ ممبر(پاور) واپڈا بدرالمنیرمرتضیٰ نے چیئرمین واپڈا کو خان خواڑ اور جناح ہائیڈل پاور سٹیشن پر جاری مرمت کے کاموں کے بارے میں پیش رفت سے آگاہ کیا۔

چیئرمین کو بتایا گیا کہ خان خواڑ ہائیڈل پاور سٹیشن کے پہلے یونٹ کے پارٹس ہیوی مکینیکل کمپلیکس ٹیکسلا میں مرمت کا کام مکمل ہونے کے بعد اپریل کے دوسرے ہفتے میں سائٹ پر موصول ہوجائیں گے۔ اس کے بعد یونٹ کی اسمبلی کا کام مکمل کیا جائے گا اور 34 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کا یہ یونٹ مئی کے اوائل میں بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا۔

(جاری ہے)

34 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے دوسرے یونٹ کی مرمت کا کام بھی مئی کے آخر تک مکمل ہوجائے گا اور یوں خان خواڑ ہائیڈل پاور سٹیشن ہائی واٹر فلوسیزن کے آغاز سے قبل اپنی پوری پیداواری صلاحیت یعنی 72 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کیلئے دستیاب ہوگا۔

بریفنگ کے دوران چیئرمین واپڈا کو مزید بتایا گیا کہ واپڈا نے جناح ہائیڈل پاور سٹیشن کے دو یونٹوں کے ٹریش ریک کی زیرآب مرمت کیلئے کمپنی کی خدمات حاصل کر لی ہیں اور مذکورہ کام کو بھی ہائی واٹر فلو سیزن سے قبل مکمل کر لیا جائے گا جس کے بعد24 میگاواٹ مجموعی پیداوار ی صلاحیت کے ان دو یونٹوں سے قومی نظام کو بجلی کی فراہمی شروع ہوجائے گی۔چیئرمین واپڈا نے ہدایت کی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ دونوں پن بجلی گھروں کے مذکورہ یونٹوں کی مرمت کا کام ہائی واٹرفلو سیزن سے پہلے مکمل کر لیا جائے تاکہ موسم گرما میں واپڈا کے پن بجلی گھروں سے پوری استعداد کے مطابق بجلی پیدا کی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :