پیپلز لائرز فورم کے زیراہتمام ذوالفقار علی بھٹو کی 37 ویں برسی کی تقریب

پیر 4 اپریل 2016 19:58

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 اپریل۔2016ء) پیپلز لائرز فورم کے زیراہتمام ذوالفقار علی بھٹو شہید کی 37 ویں برسی کی تقریب ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و مرکزی سیکرٹری جنرل پی ایل ایف الیاس خان ایڈووکیٹ تھے جبکہ تقریب کی صدارت پی ایل ایف پنجاب کے سینئر نائب صدر ملک طارق سعید ایڈووکیٹ نے کی۔

مہمان خصوصی الیاس خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید کو خراج تحسین پیش کرنے کا سلیقہ محض یہی ہے کہ ان کے سوشلسٹ نظریات اور پیپلزپارٹی کی بنیادی دستاویز یعنی پارٹی کے دستور کے ساتھ تجدید عہد کیا جائے۔ الیاس خان نے مزید کہا کہ پاکستان سے دہشت گردی ، بیروزگاری ، بھوک ، افلاس ، بے گھری اور جہالت کے خاتمہ کیلئے اور مفت تعلیم اور مفت طبی سہولیات جو ہر پاکستانی کا بنیادی حق و پیدائشی حق ہے کے حصول کیلئے سوشلسٹ انقلاب کیلئے جدوجہد تیز کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ملک طارق سعید نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو ایک فرد نہیں بلکہ انقلابی تحریک کا سمبل ہے۔ پی ایل ایف جنوبی پنجاب کے کوارڈی نیٹر طارق خان ، ڈویڑنل کوارڈی نیٹر عمران انصاری ضلعی جنرل سیکرٹری ندیم پاشا ، سابق ایم پی اے بابو نفیس احمد انصاری ، ناصر حسین حیدری ، ضلعی صدر پی ایل ایف عاصم پرویز ، صدر وومن ونگ صائمہ عامر ایڈووکیٹ ، ارشد نذیر بھٹہ ، خواجہ منور صدیقی ، چوہدری یونس چوہان ، مصطفی قریشی ، سہیل بھٹی ، محمد زبیر خان ، چوہدری عزیز سرور گجر ، سید انیس مہدی ایڈووکیٹس اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی معاشرے سے غربت ، بھوک اور دیگر دکھوں کے مداوے کیلئے محنت کش طبقے کو اکٹھے ہو کر طبقاتی جدوجہد کرنا ہوگی تاکہ استحصالی نظام کا خاتمہ کرکے امن اور خوشحال معاشرے کا قیام عمل میں لایا جاسکے۔

ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کے عوام کو استحصال سے پاک معاشرہ دینا چاہتے تھے مگر جاگیرداروں اور سرمایہ داروں نے پیپلزپارٹی میں گھس کر جنرل ضیاء الحق سے اندرون خانہ مل کر بھٹو عدالتی قتل کروایا جو عوام کے خلاف سازش تھی۔ بھٹو شہید نے طاغوتی قوتوں کے سامنے سر نہیں جھکایا اور اپنی جان قربان کرکے محنت کش طبقے کی جدوجہد کو ایک اعتماد بخشا۔

پیپلزپارٹی ہی ایک ایسی پارٹی ہے جو اپنے پروگرام میں عوام کے مسائل کا حل دیتی ہے مگر پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی جنرل ضیاء الحق کی باقیات موقع پرستوں اور دولت کے پجاریوں نے پارٹی پر قبضہ کرکے پارٹی کو بدنام اور محنت کش طبقے کو مایوس کیا مگر محنت کش طبقہ پارٹی کے اندر سے عوام دشمنوں کا صفایا کرکے ایک انقلابی پارٹی بنا کر ملک میں انقلاب برپا کرے گا۔ آج اس موقع پر ہم یہی انقلابی عہد کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :