موجودہ حکومت پنجاب میں دہشت گردوں اور کرپٹ لوگوں کے خلاف کو ئی اقدام نہیں کرنا چاہتی ،آل پاکستان مسلم لیگ

پیر 4 اپریل 2016 19:58

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 اپریل۔2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید رفیع رضا شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایسی باہمت اور نڈرقیادت کی ضرورت ہے جو نہ صرف اندرون ملک انتشار اور دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے سنجیدہ ہو بلکہ بیرونی دشمنوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال سکے۔ملک کے عوام گواہ ہیں کہ موجودہ حکومت پنجاب میں دہشت گردوں اور کرپٹ لوگوں کے خلاف کو ئی اقدام کرنا چاہتی تھی نہ ہی نواز شریف نے بلوچستان سے را کے ایجنٹ کی گرفتاری پربھارت سے احتجاج کیا۔

مسلم لیگ نواز کی حکومت شروع دن سے پاکستانی فوج سے تصادم کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ان کے حکومتی طرز عمل سے صاف عیاں ہے کہ حکومت اور فوج کی آپس میں کوئی ہم آہنگی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اس کے برعکس سید پرویز مشرف ایسے عظیم رہنما ہیں جنہوں نے نہ صرف اپنے دور حکومت میں دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے عملی اقدامات کیے بلکہ جنرل راحیل شریف کی سپہ سالاری میں ہونے والے آپریشن ضرب عضب کی بھرپور حمایت کی۔

موجودہ حکومت سے تاجر ، کسان ، ملازم طبقے سمیت کوئی بھی خوش نہیں ہے جبکہ سید پرویز مشرف کی حکومت میں لوگ خوشحال اور ملکی معیشت بہت بہتر تھی۔وہ آل پاکستان مسلم لیگ جنوبی پنجاب کے تنظیم نو کے بعد ضلع ملتان کے صدر چوہدری محمد اصغر کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرپاکستان کے ایک شہر کراچی کا میئر وطن واپسی پر سیاسی جماعت بنا کر کامیابی حاصل کرنے کا دعوی کر سکتا ہے تو پاکستان بھر میں اس بلدیاتی نظام متعارف کرانے اور چلانے والے سید پرویز مشرف کی پاکستانی عوام میں پذیرائی کیسی ہوگی۔

پاکستانی قوم اپنے اس جرات مند راہنما کو بہت پیار کرتی ہے جنہوں نے نہ صرف قرض اور امداد کے کشکول کو توڑابلکہ پاکستان اور پاکستانی عوام کو خوددار قوم بنایا اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی عزت و وقار میں اضافہ کیا۔آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ان کی سیاسی قیادت میں پارٹی کی یونین کونسل کی سطح تک تنظیم سازی کریں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ہر کارکن کے ساتھ کام کریں گے اور صدر کی بجائے ایک کارکن کی طرح دن رات پارٹی کی خدمت کریں گے۔

اس موقع پراپنے خطاب میں آل پاکستان مسلم لیگ جنوبی پنجاب کے نائب صدر محمد علی فیصل سدوزئی نے کہا کہ پرویز مشرف علاج کی غرض سے ملک سے باہر گئے ہیں اور جلد ہی واپس آئیں گے اس دوران ہمیں آل پاکستان مسلم لیگ کو فعال کرنا اورمنظم بنانا ہے نیزپارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچانا ہے۔ہمیں ملنے والے عہدے بہت بڑی ذمہ داری ہے جو ہمارے کندھوں پر ڈالی گئی ہے۔

اﷲ تعالی ہمیں اس ذمہ داری کو خوش اسلوبی سے نبھانے کی توفیق عطاکرے۔ سید کمیل صفدر زیدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سید پرویز مشرف ایسے مخلص لیڈر ہیں جن پرکسی بھی قسم کی کرپشن کا الزام نہیں ہے اور ان کی یہی سچائی ہمیں ان کے لیے کام کرنے کو حوصلہ دیتی ہے۔ آل پاکستان مسلم لیگ جنوبی پنجاب خواتین ونگ کی صدر سعدیہ ارم را? نے کہا کہ مشرف صاحب نے اپنے دورحکومت میں جس طرح خواتین کو با اختیار بنایا اور خواتین کو اسلام کے متعین کردہ اصولوں کے مطابق ان کے حقوق دلائے اس کے لیے خواتین نہ صرف مشرف صاحب کو سیاسی قائد مانتی ہیں بلکہ آنے والے قومی انتخابات میں آل پاکستان مسلم لیگ کوبڑی تعداد میں خواتین کی طرف سے ووٹ ملیں گے۔

آخر میں آل پاکستان مسلم لیگ ضلع ملتان کے صدر اور تقریب کے میزبان چوہدری محمد اصغر نے آنے والے تما م معزز عہدے داروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مخدوم سید رفیع رضا نے مجھے ضلع ملتان کا صدر منتخب کر کے مجھ پراعتماد کا اظہار کیا ہے اور میں ان کے اعتماد اور انتخاب پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم پرویز مشرف کے سپاہی ہیں اور ان کی اور ان کی پارٹی کی تعمیر و ترقی کے لیے ہر سطح پر اور ہر شخص کے ساتھ کام کریں گے۔

اس موقع پر رانا محمد اکرم، رانا نعیم، پیر جعفر خان ترین ڈویڑنل صدر ڈیرہ غازی خان، ملک آصف ڈویڑنل صدرملتان ، رانا محمد اصغرجنرل سیکرٹری ضلع ملتان، سعدیہ ارم را?صدر خواتین ونگ جنوبی پنجاب، آسیہ اشفاق جنرل سیکرٹری خواتین ونگ جنوبی پنجاب، فیاض دیوان صدر مینارٹی ونگ جنوبی پنجاب،رانا جمیل انجم صدر کلچرل ونگ جنوبی پنجاب، سید دلشاد بخاری سینئر وائس پریذیڈنٹ ضلع ملتان، ملک تاج محمد جوئیہ صدر ملتان شہر، ڈاکٹر جاویدبھٹی جنرل سیکرٹری ملتان شہر، جمشید بھٹی اور دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔