بلدیاتی نمائندوں کو جلد اختیارات دیدئیے جائیں گے‘بلدیات کا اگلا مرحلہ 15مئی تک مکمل ہوجائیگا‘جس کے بعد مئیر،ڈپٹی مئیر اور چیئرمین ضلع کونسل کاانتخاب عمل میں لایا جائے گا

وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اﷲ خان کی مسلم لیگ (ن) ملتان کے عہدیداروں سے بات چیت

پیر 4 اپریل 2016 19:40

ملتان( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 اپریل۔2016ء) صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اﷲ نے کہا ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کو جلد اختیارات دے دئیے جائیں گے۔مخصوص نشستوں پر15مئی تک الیکشن ہوجائیں گے،جس کے بعد مئیر،ڈپٹی مئیر اور چئیرمین ضلع کونسل کاانتخاب عمل میں لایا جائے گا۔بلدیاتی انتخاب کے اگلے مرحلے میں پارٹی میں کوئی گروپ بندی برداشت نہیں کی جائے گی۔

پارٹی کیلئے قربانیاں دینے والے ورکروں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

(جاری ہے)

وہ مسلم لیگ(ن)ملتان کے سٹی نائب صدر مقصود قریشی اور جوائنٹ سیکرٹری ملک مشتاق کھوکھر کی قیادت میں آنے والے ملاقاتی وفد گفتگو کررہے تھے۔اس موقع پررانا ثناء اﷲ کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ دینے والے ورکرز کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ملتان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ایسا مئیر لائیں گے جو سب کو قابل قبول ہوگا۔

صوبائی وزیرقانون نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی کوشش ہے کہ ملتان میں جاری تمام ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل ہوں۔جنوبی پنجاب کی محرومیاں ختم کرنے کی بھرپور کوششیں کررہے ہیں۔رانا ثناء اﷲ کا مزید کہنا تھا کہ وہ پارٹی ورکرز مسائل کو حل کروائیں گے۔اس موقع پر انہوں نے جلد ملتان کے دورہ کی یقین دہانی بھی کروائی۔