بہاولنگر، مختلف حادثات میں ایک ہی خاندان کے 5افراد سمیت 6افراد جاں بحق

پیر 4 اپریل 2016 19:03

بہاولنگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 اپریل۔2016ء) دو مختلف حادثات میں ایک ہی خاندان کے 5افراد سمیت 6افراد جاں بحق۔رسم چہلم میں شرکت کے لیے آنیوالے خاندان کے رکشہ کو سامنے سے آنے والے ٹریکٹر ٹرالی نے ٹکر مار دی۔بلدیہ کی واٹرٹینک کے نیچے آکر سابق کونسلر کا جواں سالہ بیٹا موٹر سائیکل سوار جاں بحق۔تفصیلات کے مطابق دیپالپور کے رہائشی خاندان حاجی منظور ٗاپنی فیملی کے ہمراہ جن میں سکینہ بی بی ٗخورشید بی بی ٗرضوان اور عمران رکشہ میں سوار ہوکر بہاولنگر کے نواحی علاقہ محمودہ جودھیکاجار ہے تھے کہ ہارون آباد روڈ چک ڈھاباں کے قریب سامنے آنے والے ٹریکٹر ٹرالی جس پر بھوسہ لدا ہواتھا کم روشنی کی وجہ سے رکشہ سے ٹکراگیا جس کے نتیجے میں رکشہ میں سوار حاجی منظور احمد ٗعمران ٗرضوان اور دو خواتین خورشیدہ بی بی اور سکینہ بی بی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں ۔

(جاری ہے)

حادثے کے فوری بعد ریسکیو اور پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئیں اور ہلاک شدگان کو ڈسٹرکٹ ہسپتال بہاولنگر میں پہنچا دیاگیا جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد انکی نعشیں انکے آبائی علاقہ میں روانہ کردی گئیں ۔جبکہ دوسرے واقع میں بہاولنگر کے رہائشی سابق کونسلر ملک لیاقت علی کے جواں سالہ بیٹا شہزاد موٹرسائیکل پر لائن پولیس کے قریب سے گزرہا تھا کہ اچانک سامنے سے آنے والے بلدیہ بہاولنگر کے واٹر ٹینک سے ٹکرا گیا اور واٹر ٹینکی کا ٹائر اس پر سے گذرنے سے شہزاد کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی ۔پولیس نے دو واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کرلیے۔

متعلقہ عنوان :