درخت ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لئے بہت اہم ہیں،خرم شیر زمان

سندھ حکومت کی طرف سے ٹمبر اور بلڈر مافیا کی جانب سے درخت کاٹنے کا کوئی نوٹس نہیں لیا جا رہا،رہنما تحریک انصاف

پیر 4 اپریل 2016 18:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ درخت ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لئے بہت اہم ہیں ۔ایک جانب حکومت سندھ ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لئے درخت لگانے کی مہم کی منصوبہ بندی کر کے عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں تو دوسری طرف ٹمبر اور بلڈر مافیا کی جانب سے درخت کاٹنے کا کوئی نوٹس نہیں لیا جا رہا۔

حکمران اور خصوصاً سندھ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں ۔ یہ باتیں انہوں نے اپنے دفتر واقع ڈیفنس کھڈا مارکیٹ میں اندون سندھ سے آئے ہوئے وفد سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ خرم شیرزمان نے مزید کہا کہ ملک میں موروثی اور کرپٹ نظام کو درست کرنے کے لئے ایمان دار اور مخلص قیادت کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

سندھ کے حکمرانو ں کی عوا می مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں، تحریک انصاف کی قیادت جب ان کی لوٹ مار اور کرپشن کو بے نقاب کرتے ہیں تو ان کے پیٹ میں مروڑ پیدا ہو تی ہے ۔

عالمی اداروں کی رپورٹ کے باوجود حکمرانوں نے گرمی سے بچاؤ کے اقدامات نہیں کئے ۔ سندھ کے کرپٹ قیادت اور رشورت خور افسران نے غریب عوام کا خون چوس کر عیاشی کی زندگی گزار رہے ہیں۔اس وقت سندھ میں کرپشن مافیا کا راج ہے ہر ادارے میں کرپشن عروج پر ہے ۔ ایئر کنڈیشن کمروں میں بیٹھ کر عیاشیاں کرنے والے حکمرانوں کو عوام کی کوئی پرواہ نہیں صرف زبانی جمع خرچ کے بلند و بانگ دعوں سے عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہم حکومت سند ھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لئے عملی اور ٹھوس اقدامات کئے جائیں تاکہ ماضی کی طرح آنے والی گرمیوں میں قیمتی جانوں کا نقصان نہ اٹھانا پڑے۔