کسی ایک مخصوص واقعہ کی بنیاد پر پاکستان سے متعلق بین الاقوامی سفری ہدایات کو سنجیدہ نہیں لینا چاہئے ٗوزیر اطلاعات

امن و امان کی صورتحال میں بہتری سے غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ٗ مستقبل میں سیاحت کو مزید فروغ حاصل ہو گا ٗپرویز رشید کا خطاب

پیر 4 اپریل 2016 18:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ کسی ایک مخصوص واقعہ کی بنیاد پر پاکستان سے متعلق بین الاقوامی سفری ہدایات کو سنجیدہ نہیں لینا چاہئے ٗامن و امان کی صورتحال میں بہتری سے غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ٗ مستقبل میں سیاحت کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔

وہ پیرکو انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز میں ’’اسلام آباد میڈیا گائیڈ‘‘ کی تقریب رونمائی سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے انہوں نے کہا کہ ’’اسلام آباد ٹریول گائیڈ‘‘ اسلام آباد کے بارے میں عام معلومات اور تجربہ کار سفارتی مشوروں کا منبع ہے جس کا مقصد غیر ملکی سفارتکاروں، بین الاقوامی سیاحوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سمیت ایسے ملکی شہری جو اسلام آباد شہر کے بارے میں معلومات نہیں رکھتے، ان کو آگاہی فراہم کرنا اور یہ بتانا ہے کہ ہمارے خوبصورت شہر اسلام آباد میں سیاحوں کیلئے تاریخی پس منظر، طرز زندگی اور سہولیات کے تناظر میں وہ تمام سہولیات موجود ہیں جو دنیا کے جدید ترین دارالحکومتوں میں موجود ہیں ٗدور دراز جزیروں کا سفر کرنا اور مقامی لوگوں کی ثقافت اور سماجی طرز عمل کا مشاہدہ کرنا کلاسیکل مسلمان ثقافت کا طرہ امتیاز ہے ٗیہ روایت اسلامی معاشرہ میں طویل عرصہ پہلے سے موجود تھی۔

(جاری ہے)

وزیراطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں موجودہ جمہوری حکومت سیاحت کی صنعت کے فروغ کیلئے سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے اس سے نہ صرف معیشت کی بحالی میں مدد ملے گی بلکہ پاکستان سے متعلق جھوٹی افواہوں کا بھی خاتمہ ہو گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مزید مصنف ہمارے شہروں اور قدرتی خوبصورتی کے مقامات سے متعلق ٹریول گائیڈز لکھیں گے جس سے نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی سیاحوں، قدرتی نظاروں اور پہاڑوں کے مداحوں کے سامنے بہترین پاکستان سامنے آئے گا جس میں آبشاریں اور اسلام آباد کے مارگلہ ہلز، نیشنل پارک جیسے خوبصورت مناظر شامل ہوں گے۔

انہوں نے اسلام آباد ٹریول گائیڈ کے پیغام سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ لوگ مخصوص خبروں کی بنیاد پر کسی مقام سے متعلق اپنا نظریہ قائم کر لیتے ہیں، کسی ایک واقعہ کی بنیاد پر پاکستان سے متعلق بین الاقوامی سفری ہدایات کو سنجیدہ نہیں لینا چاہیے۔ وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری سے معیشت میں تبدیلیاں آئی ہییں جس میں پاکستان میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ شامل ہے۔ انہوں نے نوجونوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے سیاحتی مقامات کے دورے کریں، حقیقی محب وطن بنیں، اپنے ملک سے محبت کریں، ہم آہنگی اور قومی سالمیت کے سفیر بنیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں پاکستان میں سیاحت کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔

متعلقہ عنوان :