قوم دہشتگردی کیخلاف متحد ہوجائے:پیر ولی اللہ شاہ

پیر 4 اپریل 2016 18:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 اپریل۔2016ء) انٹر نیشنل پیس کونسل اور انجمن تاجران سمن آباد نے مین بازار میں المیہ گلشن پارک میں شہید ہونیوالوں کی یاد میں ایک دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا جس کی صدارت مسلم لیگ(ن)علماؤمشائخ ونگ پنجاب کے صدر پیر سید ولی اللہ شاہ بخاری نے کی جبکہ مہمان خصوصی ڈی ایس پی سمن آباد شاہد چدھڑ اور حاجی عامر رشید تھے ۔

(جاری ہے)

عوام کی بڑی تعداد کیساتھ مقامی تاجر راہنماؤں حاجی سعید اختر ،شیخ حاجی جنید،اظہر میر،محمد محمود بٹ،محمد ارشد ندیم،محمد عارف،حاجی ضیاء اللہ،محمد نواز چغتائی ،محمد اشفاق ،حاجی زبیر ،شیخ ایاز،حاجی شاہد،عاشق حسین،سلیمان بٹ اور علامہ اصغر چشتی نے شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیر سید ولی اللہ شاہ بخاری نے کہا کہ دہشتگرد انسان ہیں نہ مسلمان بلکہ وہ امن و انسانیت کے بدترین دشمن ہیں سانحہ گلشن پارک نے پورے ملک کو ہلاکر رکھ دیا ہے جس سے پورا ملک سوگوار ،ہردل زخمی اور ہر آنکھ اشکبار ہے ۔

پوری قوم دہشتگردی کیخلاف متحد ہوجائے اور وہ امن و سلامتی دشمنوں کے تمام تر ناپاک عزائم خاک میں ملادے ۔تقریب کے اختتام پر شہداءِ گلشن پارک کی یاد میں چراغ بھی روشن کیے گئے اور انکے درجات کی بلندی کیلئے اجتماعی دعا کی گئی۔