قبائلی علاقوں سے دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو تباہ کر دیا ، آپریشن ضرب عضب دہشت گردوں کو جلد ہی ان کے انجام تک پہنچا دے گا،سیاسی اور دفاعی تجزیہ کار

پیر 4 اپریل 2016 17:24

اسلام آباد ۔ 4 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 اپریل۔2016ء) سیاسی رہنماؤں اور دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے قبائلی علاقوں سے دہشت گردوں کا خاتمہ اور انکے خفیہ ٹھکانوں اور نیٹ ورکس کو تباہ کر دیا ہے، آپریشن ضرب عضب آخری مراحل میں ہے اور دہشت گردوں کو جلد ہی ان کے انجام تک پہنچا دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریڈیو پاکستان کے نیوز اینڈ کرنٹ آفیئرز چینل کے پروگرام ہفتہ رفتہ میں کیا۔

مسلم لیگ ن کے سینیٹر لیفٹینٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ پاکستانی افواج نے شمالی وزیرستان کے علاقے سے دہشت گردوں کا کامیابی سے خاتمہ کر دیا ہے۔ افغانستان کے ساتھ ہمارے تاریخی تعلقات ہیں لیکن وہاں کچھ عناصر پاکستان کے خلاف کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وہاں کے مقامی لوگ پاکستان کے ساتھ ہیں لیکن ایک مضبوط بھارتی لابی پاکستان اور افغانستان کے درمیان مسائل پیدا کر رہی ہے۔

پاکستانی افواج نے قبائلی علاقوں سے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں کا صفایا کر دیا ہے۔ دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیر (ر) محمود شاہ نے کہا کہ پاکستانی افواج نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے بہت سے علاقوں سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا ہے۔ دہشت گردوں کے مواصلاتی نظام اور خفیہ ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ پاکستانی افواج نے سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردوں کی نقل وحرکت کے عمل کو روکنے کیلئے اپنے انتظامات مزید سخت کر دیے ہے جبکہ افغانستان کی طرف سے اس سلسلے میں کوئی اقدام نہیں کیا گیا ۔

حکومت کو اس کیلئے مزید ٹھوس اقدامات کر نے کی ضرورت ہے تاکہ دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو ختم کیا جاسکے۔ دفاعی تجزیہ کار ڈاکٹر محمد خان نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب ملک سے دہشت گردی اور دہشت پسندی کے خاتمے کے لیے ناگزیر تھا۔ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور ہم اس کے خاتمے کیلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔آپریشن ضرب عضب صرف پاکستان کیلئے نہیں بلکہ پورے خطے کی سلا متی کیلئے ہے۔

متعلقہ عنوان :