نیشنل بُک فاؤنڈیشن پاکستانی معاشرے میں کتابوں کے فروغ اور اشاعت کے لیے مسلسل روبہ عمل ہے، محترمہ شیریں سخن

پیر 4 اپریل 2016 17:22

اسلام آباد ۔ 4 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 اپریل۔2016ء) بحیثیت مسلمان ہمیں اس چیز کا احساس ہونا چاہیے کہ ہمارے نبی کریم ﷺ کو اللہ تعالی کی طرف سے پہلی وہی میں پڑھنے کا حکم دیا گیا، جس سے کتاب کی اہمیت اُجاگر ہوتی ہے،نیشنل بُک فاؤنڈیشن اسی الہامی حکم کے تحت پاکستانی معاشرے میں کتابوں کے فروغ اور اشاعت کے لیے مسلسل روبہ عمل ہے۔

اگر انھوں نے کتاب کلچر کے لیے اپنی کوششیں اسی طرح جاری رکھیں،تو امید کی جاتی ہے کہ ترقی یافتہ ممالک کی طرح ہمارے ہاں بھی ہر شخص کے ہاتھ میں کتاب نظر آئے گی۔ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیر آفیسر محترمہ شیریں سخن نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹیکسلا میں منعقدہ صحت میلہ کے دوران نیشنل بک فاؤنڈیشن کے اسٹال کے دورے کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسرڈاکٹر سجاد بھی موجود تھے۔ انچارج نیشنل بک فاؤنڈیشن ،واہ کینٹ برانچ نے منیجنگ ڈائریکٹر این بی ایف ڈاکٹر انعام الحق جاوید کی ”ہمارا خواب،ہر ہاتھ میں کتاب“کی پالیسی کا خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے حاضرین کو بتایا کہ این بی ایف کا مقصد علمی و ادبی کتابوں کی اشاعت اور اُن کو لوگوں کی دہلیز تک پہنچانا ہے۔

این بی ایف نے عام کتابوں کے ساتھ ساتھ مختلف سائز میں قرآن پاک کی اشاعت بھی کی ہے، جسے عوامی حلقوں میں بہت پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ مدارس کے طلبہ اور اساتذہ نے این بی ایف کے شائع کردہ قرآن پاک میں خاص دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔ این بی ایف سکولوں،کالجز اور دیگر پبلک مقامات پر کتاب میلوں کا انعقاد کرکے کم قیمت اور معیاری کتب کو پاکستانی عوام تک پہنچا کر معاشرے میں تحمل ،برداشت اورانسان دوستی پر مبنی رویوں کو فروغ دے رہا ہے۔ انھوں نے آخر میں مہمانوں کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا،جنھوں نے این بی ایف کی کتاب دوستی کے مشن میں ساتھ دے کر حوصلہ افزائی کی۔