Live Updates

پنجاب حکومت اور دینی جماعتوں کا حقوق نسواں بل پراتفاق را ئے کیلئے مشترکہ کمیٹی بنانے پر اتفاق

وزیراعلیٰ شہباز شریف کی دعوت پر مولانا فضل الرحمن کی سربراہی میں علماء کے وفد نے ملاقات کی ،حقوق نسواں بل پر تفصیلی گفتگو کی گئی علماء ، آئینی ماہرین پر مشتمل کمیٹی بل کا جا ئزہ لیکر اپنی سفار شات مرتب کریگی ،حکومت سفار شات پر قانون سازی کرے گی ‘ سربراہ جے یو آئی (ف)

پیر 4 اپریل 2016 17:10

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 اپریل۔2016ء) وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اورجمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات میں تحفظ حقوق نسواں بل پر اتفاق رائے کیلئے مشترکہ کمیٹی بنانے پر اتفاق کر لیا گیا ۔گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی دعوت پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی سربراہی میں علمائے کرام کے وفد نے ان سے ملاقات کی جس میں حقوق تحفظ نسواں بل سے علمائے کرام کے تحفظات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں جانے والے وفد میں مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سر براہ پرو فیسر ساجد میر ،جماعت اسلامی کے اسد اللہ بھٹو،جے یو آئی کے مولانا محمد امجد خان ،جے یو پی کے پیر محفوظ مشہدی جبکہ وزیر اعلیٰ کی قیادت میں وزیر قانون رانا ثناء اللہ ،علماء بورڈکے چیئر مین مولانا فضل الرحمن ،قر آن بورڈ کے چیئر مین علامہ غلام محمد سیالوی ،وزیر مملکت مولانا امین الحسنات ،مولانا راغب حسین نعیمی شامل تھے ۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دینی قوتیں عورتوں کے حقوق کی مخالف نہیں ہیں بلکہ حامی ہیں لیکن حقوق نسواں بل کو دینی قوتیں شریعت ،آئین اور خاندانی نظام سے متصادم سمجھتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم آئین اور پار لیمانی جدوجہد کر نے والے لوگ ہیں لیکن پارلیمانی انداز میں غیر شرعی غیر آئینی اور خاندانی نظام کو تباہ کر نے والے کسی بھی بل کو ہم سپورٹ نہیں کر سکتے ۔

انہوں نے کہا کہ دینی جماعتوں نے اس حوالے سے جہاں شرعی طور پراس بل کو دیکھا ہے وہاں آئینی اور قانونی ماہرین سے اس حوالے مشاورت کی ۔تفصیلی اجلاس میں طے پا یا کہ اس حوالے سے ایک مشترکہ کمیٹی قائم کی جا رہی ہے جو دونوں جانب سے علماء اور آئینی ماہرین پر مشتمل ہو گی اور کمیٹی اس بل کا جا ئزہ لے گی اور اپنی سفار شات مرتب کرے گی اورحکومت ان سفار شات پر قانون سازی کرے گی ۔

وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کسی سطح پر بھی غیر اسلامی یا غیر آئینی اقدام کی حامی نہیں ہے ،ہم نے اپنے طورر پر اس بات کی کوشش کی ہے کہ خواتین کے حقوق کے حوالے سے ایک اچھی قانون سازی ہو لیکن ہمارا کوئی قدم حرف آخر نہیں ہے اسکی اصلاح ممکن ہے اور علماء اور دینی قوتیں ہماری رہنمائی کریں ۔شہباز شریف نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے ہمیشہ آئینی اور پارلیمانی جدو جہد کی ہے اور ہمیشہ مشکل حالات میں بہتر راستے نکالنے میں کامیاب ہوئے ۔حکومت توقع رکھتی ہے کہ دینی قوتیں مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں اس مسئلے کا حل بھی جلد قوم کے سامنے لے آئیں گی ۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات