لاہور سفاری پارک میں جاری 7ترقیاتی منصوبے اسی ماہ مکمل کرنے کی ہدایت، فنڈز فراہم کر دیئے گئے

پیر 4 اپریل 2016 16:18

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 اپریل۔2016ء)صوبائی وزیر زکوة و عشر ملک ندیم کامران اور رکن قومی اسمبلی محمد افضل کھوکھر نے کہا ہے کہ لاہور سفاری زو پارک میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے فنڈز کا اجراء کر دیا گیاہے، انہوں نے کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے اور این ڈی وائرس کے باعث مر جانے والے پرندوں کی انکوائری رپورٹ جلد پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات کوپر روڈ پر چڑیا گھر اور زو سفاری پارک کے معاملات بارے وزیر اعلی پنجاب کی طرف سے تشکیل دی گئی خصوصی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی -اس موقع پر کمیٹی کے اراکین اور ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد عیاض خان ،ڈپٹی ڈائریکٹر زو سفاری پارک سید ظفر الحسن اور ڈائریکٹر لاہور زو شفقت علی کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے-صوبائی وزیر نے ڈپٹی ڈائریکٹر سفاری زو پارک کو ہدایت کی کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے اعلی حکام اور کنٹریکٹرز سے جاری ترقیاتی کاموں خصوصا فوڈ کورٹ اور بی او ٹی کی بنیاد پر تیار کئے جا رہے بچوں کے پلے لینڈ کے حوالے سے خصوصی میٹنگز کی جائیں اور ان سے منصوبوں کی تکمیل کا ٹائم فریم لے کر اگلے اجلاس میں کمیٹی کو مطلع کیا جائے -ملک ندیم کامران نے کہا کہ لاہور سفاری زو پارک کے سات منصوبے جن پر 80فیصد سے زائد کام ہو چکا ہے کو 20اپریل تک مکمل کر کے رپورٹ پیش کی جائے جبکہ 10منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرتے ہوئے جون کے آخر تک ہر صورت مکمل کیا جائے -ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد عیاض خا ن نے اجلاس کو بتایا کہ اینیمل ایکسچینج پروگرام کے حوالے سے بین الاقوامی فورم کے ساتھ رابطہ کیا جا رہا ہے اور اس ضمن میں میسور زو بھارت اور سنگا پور زو سے رابطہ کیا جا چکا ہے -انہوں نے کہا کہ صوبہ میں نجی طور پر موجود بریڈنگ فارمز کے مالکان سے بھی وائلڈ لائف پارکس میں غیر موجود جانوروں کے تبادلے کے بارے بات چیت کی جا رہی ہے- انہوں نے کہا کہ جانوروں کا تبادلہ کرتے وقت ان کی قیمتوں کا خاص طور پر خیال رکھا جائے گا اور پرائیویٹ فارمرز کو تبادلہ کے حوالے سے دیئے جانے والے جانوروں کی زائد قیمت ہونے پر ان سے حاصل کئے جانے والے جانوروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا ۔