مائنز ورکرز کی فلاح و بہبودکے لئے خود مختار مائنز لیبرویلفیئر کمشنریٹ کے قیام کا فیصلہ

پیر 4 اپریل 2016 16:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 اپریل۔2016ء)صوبائی وزیر معدنیات و کان کنی چوہدری شیر علی خان نے کہا ہے کہ مائنز ورکرز کی فلاح و بہبود پر مبنی سکیموں کو مقرر ہ وقت میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے حکومت پنجاب نے خود مختار مائنز لیبرویلفیئر کمشنریٹ کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جس کی منظوری کے لئے سمری جلد وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کو بھجوائی جا رہی ہے ۔

انہوں نے یہ بات ڈپٹی ڈائریکٹر مائنز لیبر ویلفیئر کمشنر جان محمد اور دیگر متعلقہ افسران کے ساتھ منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔چوہدری شیر علی خان نے کہا کہ خود مختار مائنز ورکرزلیبر ویلفیئر کمشنریٹ کے قیام سے مائنز ورکرز کی فلاح و بہبود کے لئے مختص اربوں روپے کے فنڈ سے منصوبوں کو بر وقت عملی جامہ پہنانے میں بے حد مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

وزیر معدنیات نے کہا کہ ضلع راولپنڈی میں مائنز ورکرز اور ان کے اہل خانہ کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے محکمہ لیبر کے سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کی طرز پر سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات پر مشتمل مائنز لیبر ویلفیئر ہسپتال کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیاہے جہاں ضلع راولپنڈی سمیت جہلم،سرگودھا ،چکوال اور گردونواح کے مائنز ایریاز میں کام کرنے والے ورکرز اور ان کے اہل خانہ مستفید ہو سکیں گے اور انہیں مرض کی شدت کی صورت میں بڑے شہروں کے ٹیچنگ ہسپتالوں سے رجوع نہیں کرنا پڑے گا ۔

انہوں نے بتایا کہ مائنز لیبر ویلفیئر ہسپتال میں سپیشلسٹ طبی ماہرین کی خدمات مستقل طورپرمہیا ہوں گی اور آپریشن و ٹیسٹ کی مفت سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی ۔چوہدری شیر علی خان نے بتایا کہ میگا پراجیکٹ کے تحت چکوال اور خوشاب کے مقامات پر 100کنال اراضی پر مشتمل مائنز ورکرز لیبر کالونی کے قیام کا منصوبہ بھی زیر غور ہے تا کہ ان کالونیوں میں رہائش فراہم کرکے مائننگ انڈسٹری سے وابستہ مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کے ہجرت کے رحجان میں کمی لائی جا سکے اور مائننگ ایریاز میں ورکرز کی خدمات مستقل طور پر حکومت پنجاب کو میسر آ سکیں ۔انہوں نے مزیدکہاکہ ان لیبر کالونیوں میں ڈسپنسری، سکول،مساجد،شاپنگ سنٹر سمیت بجلی ،پانی ،گیس کی بنیادی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی ۔