صنعتوں کے فروغ کیلئے تین سپیشل اکنامک زون کے قیام سے صنعتی ترقی کا ویژن مکمل ہوگا ‘ افتخار بشیر

پیر 4 اپریل 2016 13:23

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 اپریل۔2016ء) صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری افتخار بشیر نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے صوبے میں صنعتوں کے فروغ کیلئے تین سپیشل اکنامک زون کے قیام کی منظوری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے حکومت کا صنعتی ترقی کا ویژن مکمل ہوگا،سپیشل اکنامک زونز جو2018میں مکمل ہوجائیں گے میں پر کشش اور سرمایہ کاری کیلئے ساز گار پالیسیوں و ٹیکس میں چھوٹ کی بدولت یہاں راہ راست سرمایہ کاری آئے گی اور نئی صنعتوں کے قیام سے حکومت کی نئی تجارتی پالیسی میں35ارب ڈالر کا ملکی برآمدات کا ہدف پورا کرن میں مدد ملے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن کے صنعتکاروں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

افتخار بشیر چوہدری نے کہا کہ تین نئے تجارتی زونز کے قیام اور نئی انڈسٹریوں کے قیام سے 10لاکھ ملازمتوں کے مواقع دستیاب ہونگے جس سے پنجاب میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری کا مسئلہ بھی حل ہوگا اور پنجاب خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نئی صنعتی زون کے قیام کے ساتھ ساتھ لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کیلئے بھی اقدامات کرے اور بڑے آبی ذخائر جن میں کالا باغ ڈیم بھی شامل ہے کہ تعمیر کا آغاز کرے تاکہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوسکے اور صنعتیں اپنی پور ی استعداد کے مطابق کام کرکے ملکی برآمدات اور حکومتی ریونیو میں اضافہ کا باعث بن سکیں۔

متعلقہ عنوان :