بھارت کا مسعود اظہرکے معاملے میں روڑے اٹکانے پر چین سے سخت احتجاج کا فیصلہ،سلامتی کونسل کی ممنوعہ فہرست میں مسعود اظہر کا نام شامل کرنے کی مخالف پرچین کو سخت احتجاج ریکارڈ کرایا جائیگا‘بھارتی میڈیا

اتوار 3 اپریل 2016 18:55

بھارت کا مسعود اظہرکے معاملے میں روڑے اٹکانے پر چین سے سخت احتجاج کا ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 3اپریل۔2016ء) بھارت نے ا قوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مولانا مسعود اظہرپرپابندی کے معاملے میں روڑے اٹکانے پر چین کو اپنا سخت احتجاج ریکارڈ کرانے کا فیصلہ کرلیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کے ذرائع کاکہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی ممنوعہ فہرست میں جیش محمد کے سرغنہ مسعود اظہر کا نام شامل کرنے کی کوشش میں چین کے روڑے اٹکانے پر حکومت نے چین کے سامنے اپنا سخت احتجاج ریکارڈ کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چین نے مسعود اظہر کے نام کو تکنیکی وجوہات کی بنا پر پابندی کی فہرست میں نہ ڈالنے کی سفارش کرتے ہوئے بھارت کی کوشش کو ناکام بنا دیا تھا۔چین نے گزشتہ پانچ سال میں ایسا دوسری بار کیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارت کی جانب سے مولانا مسعود اظہرپرپابندی کی درخواست ناکام ہونے پر نئی دلی کو سخت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے گزشتہ روز بھارت نے چین کا نام لیے بغیراس پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوے اسے حیران کن قرار دیاتھا۔

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ کا واشنگٹن میں جوہری ہتھیاروں کے تحفظ پر ہونے والی کانفرنس کے دوران صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ یہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ جیش محمد کو شدت پسند سرگرمیوں اور القاعدہ سے تعلقات کی وجہ سے 2001 میں ہی بلیک لسٹ شدت پسند تظیموں کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا لیکن اس کے رہنما پر پابندی لگانے کی تجویز پر تکنیکی اعتراض لگا دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ پٹھان کوٹ ایئر بیس پر شدت پسندوں کے حملوں کے بعد پاکستان کی حکومت نے کالعدم تنظیم جیشِ محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو تفتیش کے لیے حفاظتی تحویل میں لیا تھا جب کہ جیشِ محمد کے دفاتر کو سیل کیا گیا اور بہت سے کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔