عوام میں حکومت کیخلاف نفرت بڑھتی جارہی ہے ،خودحکمرانوں کو بھی ہواؤں کے رخ کا انداز ہو چکا ہے‘ جمشید اقبال چیمہ

رائیونڈ محل کی چار دیواری پر 64کروڑ کے اخراجات کئے گئے ،گلشن اقبال پارک کی صورتحال سب کے سامنے ہے‘ شعیب صدیقی رہنماؤں کا انٹرا پارٹی انتخابات کے سلسلہ میں این اے 124میں رکنیت سازی مہم کے موقع پر ورکرز کنونشن سے خطاب

اتوار 3 اپریل 2016 11:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ عوام میں حکومت کیخلاف نفرت روز بروز بڑھتی جارہی ہے اور خودحکمرانوں کو بھی ہواؤں کے رخ کا انداز ہو چکا ہے ،جوں جوں حکمرانوں کے جانے کے دن قریب آ رہے ہیں انہوں نے ملک کو لوٹنے کاعمل تیز تر کر دیا ہے،حقیقت کی بجائے اشتہارات کے ذریعے عوام کی انوکھی خدمت کرنے پر حکمرانوں کا نام گنیز بک آ ف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہونا چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرا پارٹی انتخابات کے سلسلہ میں این اے 124میں رکنیت سازی مہم کے موقع پر ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر نئے دفتر کا بھی افتتاح کیا گیا ۔ورکرز کنونشن سے رکن پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی ،چوہدری عبید الرحمن ،خالد بٹ،وسیم جبار،مہر ہمایوں،میاں امام علی،محمد حسین رحمانی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ نئے قائم کئے جانے والے دفتر میں وکلاء کی ایک ٹیم بٹھائیں گے جو کہ مختلف مسائل کا شکار شکار عوام کی قانونی معاونت کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ پہلے حکمران طبقہ ملکی دولت لوٹتا تھا لیکن اب نئے فارمولے کے تحت اپنے بیٹوں ،بیٹیوں دامادوں اور سمدھیوں کو بھی اس میں شامل کر لیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو یقین ہو گیا ہے کہ یہ ان کی آخری باری ہے اسی لئے لوٹ مار کا عمل مزید تیز کر دیا گیا ہے ۔

انہوں نے پلڈاٹ کے مطابق خیبر پختونخواہ کی حکومت کے اقدامات کی بدولت انفراسٹرکچر ،تعلیم ،پولیس اور گورننس کے معاملات باقی تینوں صوبوں سے بہتر ہیں جوتجریہ کار ی کا ڈھنڈورا پیٹنے والے حکمرانوں کیلئے بھی ایک چیلنج ہے ۔دوسری طرف پنجاب حکومت حقیقت کی بجائے اشتہارات کے ذریعے عوام کو ریلیف دینے میں اپنا ثانی نہیں رکھتی اور اس انوکھی خدمت پر اس کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہونا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ تحریک ا نصاف میں شامل لوگ صرف اپنے اور اپنے اور اپنے بچوں کیلئے نہیں جیتے بلکہ ہم ملک و قوم کا سوچتے ہیں ۔جب حق آتا ہے تو باطل کو جا نا ہی پڑتا ہے ،کرپشن سے حاصل کی جانی والی کمائی کا انجام زوا ل ہی ہے۔شعیب صدیقی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے اپنے رائیونڈ کے محل کی چار دیواری بنوانے پر 64کروڑ کے اخراجات کئے جبکہ گلشن اقبال پارک کی کی صورتحال سب کے سامنے ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے اورنج لائن میٹرو منصوبے میں اربوں کی کرپشن کی ہے اور وقت آنے پر انکی شفاف کرپشن ضرور سامنے آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں رینجرز کے آتے ہی کرپشن کیسز میں نامزد ایک وزیر نے تین وزارتیں چھوڑ دی ہیں،جب رینجرز عملی کام کرے گی تو پنجاب میں کرپشن کی مزید غضب کہانیاں سامنے آئیں گی ۔

متعلقہ عنوان :