Live Updates

کراچی،ہم اپنے کردار سے ثابت کریں گے تحریک انصاف تبدیلی کی جماعت ہے ،ثمر علی خان

اقتدار پر قابض ٹولہ عوام کو صاف پانی فراہمی تو دورکی بات ہے کچرے کی صفائی کے لئے بھی تیار نہیں ہے،رکن سندھ اسمبلی

ہفتہ 2 اپریل 2016 21:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی سینئر رہنما و سندھ اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ثمر علی خان نے کہا ہے کہ ہم اپنے کردار سے ثابت کریں گے کہ تحریک انصاف تبدیلی کی جماعت ہے ۔ ہماری سیاست کا مقصد در اصل عوامی خدمت ہے اور ہم سیاست عبادت سمجھ کر کررہے ہیں۔ ہمارے قائد عمران خان نے سیاست میں آنے سے پہلے ہی سماجی خدمت کے میدان میں شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال جیسے ادارے کی بنیاد رکھی ہم اسی کے پیروکار ہیں۔

یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز اپنے حلقہ انتخاب PS113کے علاقے قیوم آباد میں 400گھروں پر مشتمل علاقے کو اپنی مدد آپ کے تحت پینے صاف پانی کی لائن ڈالنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہیں۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما افتخار فاروقی ، راجہ آصف، شکیل خان سواتی، طارق خان اور دیگر رہنما و علاقہ معززین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ثمر علی خان نے مزید کہا کہ بد قسمتی سے ماضی میں یہاں سے منتخب نمائندوں نے کبھی بھی ترجیحی بنیادوں پر عوامی مسائل حل نہیں کئے ۔

اگر عوامی نمائندے اپنے آپ کو عوام کے سامنے جوابدہ سمجھتے تو آج کراچی شہر کے جو حالات ہیں وہ کبھی نہ ہوتے۔ آج پورا شہر پانی کی بوند بوند کے لئے ترس رہا ہے لیکن اقتدار پر قابض ٹولہ عوام کو صاف پانی فراہمی تو دورکی بات ہے کچرے کی صفائی کے لئے بھی تیار نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمران طبقہ لوٹ مار اور کرپشن کو ہی اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔

ان نا اہل حکمرانوں کی کرپشن کی وجہ سے آج پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہو رہی ہے۔ پاکستان کی ترقی ، خوشحالی اور اس فرسودہ نظام کے خاتمے کے لئے تحریک انصا ف کے قائد عمران خان دن رات عملی جدوجہد کر رہے ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب اس ملک سے کرپٹ اور نا اہل حکمرانوں کا خاتمہ ہوگا اور اس ملک میں انصاف کا سورج طلو ع ہوگا۔تحریک انصاف اس نظام کی تبدیلی کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات