قومی وطن پارٹی پختونوں کے حقوق وتحفظ اور خطے میں امن کے قیام کیلئے کوشاں ہے، سکندرشیرپاؤ

موجودہ صورتحال میں ایک طرف صوبہ ،پختون مشکل صورتحال سے گزرہے ہیں ،دوسری طرف وفاقی حکومت کی غیر سنجیدہ پالیسیوں ،معاندانہ رویہ کی بدولت مایوسی و محرومی کا شکار ہیں،سینئروزیرخیبرپختونخوا

ہفتہ 2 اپریل 2016 19:02

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 اپریل۔2016ء) سینئر صوبائی وزیر اورقومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کے حقوق وتحفظ اور خطے میں امن کے قیام کیلئے کوشاں ہے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتہ کے روز وطن کور پشاور میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پرپاکستان راہ حق پارٹی کے رہنماء مولانا عبدالرحمان ،وصال خان،تاثیر خان،امان ملک خان،ناصر خان،گوہر خان،عابد خان،مسلم لیگ ق کے حمایت علی شاہ باچہ،ارسلان خان اور دیگر نے اپنے خاندانوں اور ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

سکندرشیرپاؤ نے کہا کہ قومی وطن پارٹی عملی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور پختون کی تعمیر و ترقی کیلئے پارٹی نے ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے اورقومی ترقی میں ان کے نمایاں کردار کی نشاندہی کی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں صوبہ اور پختون ایک طرف مشکل صورتحال سے گزرہے ہیں تو دوسری طرف وفاقی حکومت کی غیر سنجیدہ پالیسیوں اور معاندانہ رویہ کی بدولت مایوسی و محرومی کا شکار ہیں۔

انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت صوبہ کے حقوق اور وسائل پر اختیار کیلئے عملی جدوجہد کر رہی ہے اور اس ضمن میں بجلی خالص منافع کی رقم پر لگے قد غن کا خاتمہ صوبائی حکومت کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے تاہم وفاقی حکومت صوبہ کی سنگین صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے بجلی خالص منافع کی رقم کی فوری اور جلد ادائیگی کویقینی بنائے تاکہ یہاں پر پائی جانے والی احساس محرومی اور مایوسی کا ازالہ کیا جا سکے۔

انھوں نے کہا کہ پارٹی صوبے کے حقوق کے حصول کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے تاکہ معاشی اور سماجی طور پربد حال صوبہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہوسکے۔ اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہاشم بابر،صوبائی سیکرٹری انفارمیشن طارق احمدخان اور پشاور زون کے سیکرٹری جنرل کفایت علی خان ایڈووکیٹ کے علاوہ کیو ڈبلیو پی ضلع نوشہرہ کے چیئرمین ولی الرحمان اور جنرل سیکرٹری صمد خان بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :