کراچی ،سی ٹی ڈی کی کارروائی ،سانحہ 12مئی میں ملوث سیاسی جماعت کے 2دہشت گرد گرفتار

دہشت گرد شفیع عالم عرف گنجا ، رحمت اﷲ عرف ڈان ٹارگٹ کلنگ کی متعدد واردتوں میں ملوث ہیں،ایس ایس پی نوید خواجہ

ہفتہ 2 اپریل 2016 19:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 اپریل۔2016ء) کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف قانون نافذکرنے والے اداروں کی کاروائیوں میں مزید تیزی آگئی ۔ہفتہ کو انسداد دہشت گردی سیل نے کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں کارروائی کے دوران سانحہ 12 مئی میں ملوث سیاسی جماعت کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔ اس ضمن میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن سی ٹی ڈی نوید خواجہ نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ اورنگی ٹاؤن میں دہشت کی علامت سمجھے جانے والے 2 خطرناک دہشت گرد شفیع عالم عرف گنجا اور رحمت اﷲ عرف ڈان موجود ہیں۔

جس پر انویسٹی گیشن انسپکٹر غلام صفدر نے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے 11 اسلام چوک نزد پی ایس او پمپ کے قریب چھاپہ مار کر دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

ملزمان کے قبضے سے 2 ٹی ٹی پستولیں برآمد کی گئی ہیں۔ ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ ان کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے جس کے کہنے پر انہوں نے اپنے ساتھیوں افسر امام، شفقت، اصغر بابا، آزاد، مبین، زاہد عرف ناٹا، منا عرف چنگاری و دیگر کے ساتھ مل کر 25 سے زائد افراد کو موت کے گھاٹ اتارا جبکہ 12 مئی کے دن ٹارگٹ کلنگ، جلاؤ گھیراؤ کے علاوہ آج نیوز چینل کی بلڈنگ پر فائرنگ کرکے خوف و پراس پھیلانے میں ملوث ہیں۔

ملزمان انتہائی شاطرو خطرناک ہیں۔ ملزمان سے مزید سنسنی خیز انکشافات کی توقع ہے۔سی ٹی ڈی نے دونوں ملزمان کی جے آئی ٹی کرانے کیلئے محکمہ داخلہ کو خط ارسال کردیا ہے۔

متعلقہ عنوان :