متوقع ہیٹ اسٹروک اور مون سون کی بارشوں کے نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لئے پیشگی انتظامات مکمل کرلیئے جائیں ،ایڈمنسٹریٹرکراچی

ہفتہ 2 اپریل 2016 18:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 اپریل۔2016ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے شہریوں کو فوری سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ترجیحات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں متوقع ہیٹ اسٹروک اور مون سون کی بارشوں کے نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی میں پیشگی انتظامات مکمل کرلیئے جائیں جبکہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے، افسران ایک ٹیم ورک کے طور پر شہریوں کی خدمت کیلئے کام کریں اور محکمہ جاتی وصولیابی کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے لازمی اور ضروری اقدامات کئے جائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے عہدہ سنبھالنے کے دوسرے روز ہفتہ کو سوک سینٹر میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ جاتی سربراہان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے تمام احکامات پر مکمل طور پر عملدرآمد ہوگا، تمام محکموں کے ذمہ دار آفیسرز حلف نامہ جمع کرائیں گے کہ ان کے محکمے میں کسی بھی طرح سے عدالتی حکم عدولی نہیں ہورہی ، تمام محکموں کے سربراہ مسائل کے حل کیلئے کاموں کی ترجیحات کا تعین کریں، طویل المیعاد اور مختصر المیعاد کاموں کی فہرست بنا لی جائے تاکہ بڑے مسائل کو بھی مختلف حصوں میں تقسیم کرکے عمدگی کے ساتھ حل کیا جاسکے اس وقت فوری ترجیحات میں ممکنہ ہیٹ اسٹروک اور آنے والے مون سون کی بارشوں سے قبل کئے جانے والے ضروری کام ہیں تاکہ ہر طرح کے نقصان سے محفوظ رہا جاسکے ، انہوں نے کہا کہ ہمیں کم وقت میں زیادہ کام کرنا ہے اور عام معمولات سے ہٹ کر باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کام کی رفتار کو تیز کرنا ہوگا ہر محکمے کا سربراہ اپنی ترجیحات نوٹ کرے اور ان مسائل کے حوالے سے ممکنہ تجاویز بھی پیش کرے تاکہ اس پر کام کیا جائے اور آگے بڑھا جائے انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی عوامی خدمت کا ادارہ ہے اس لئے ہمیں عوام کو ان کے مسائل کا حل اور جواب بھی دینا ہے انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کیلئے افسران اپنے دفاتر میں ضروری کام کے بعد فیلڈ میں بھی جائیں تاکہ انہیں مسائل کا خود بھی ادراک ہو اور وہ انہیں بہتر طور پر حل کر سکیں انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کو اپنے ذرائع آمدنی بڑھانے کیلئے کوششیں تیز کرنی ہونگی اور ادارے کو مستحکم کرنے کیلئے اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ آمدنی اور اخراجات میں توازن برقرار رکھا جائے انہوں نے کہا کہ جو افسران سنجیدگی کے ساتھ عوامی مسائل کے حل کیلئے کام کررہے ہیں اور کرنا چاہتے ہیں ان سب کو آگے لایا جائے گا اور میرامکمل تعاون ان سب کے ساتھ ہوگا افسران عوام کے ساتھ باہمی رابطے کو مضبوط بنائیں اور ان کے مسائل حل ہونے اور اپنی موجودگی کا احساس دلائیں ہمیں کامیابی کیلئے نیک نیتی اور آگے بڑھنے کی خواہش کو اپنے اندر زندہ رکھنا ہوگا ، انہوں نے کہا کہ میری تمام افسران سے درخواست ہے کہ وہ شہر کے مسائل کے حل کیلئے ایک عمدہ ٹیم بناکر اس طرح کام کریں کہ ان کے اندر کا آدمی بھی مطمئن ہوسکے اور عوام کو مسائل حل ہوتے ہوئے بھی نظر آئیں انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ادارے کو ایک متحرک آرگنائزیشن کے طور پر چلانے کی ضرورت ہے مجھے امید ہے کہ تمام افسران مکمل تعاون کریں گے اور اس شہر اور شہریوں کی خدمت کیلئے ہر وقت حاضر رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :