Live Updates

اراکین اسمبلی ،بلدیاتی نمائندے انٹرا پارٹی انتخابات میں حصہ لے سکیں گے‘ عمران خان کی منظوری کے بعد ضوابطہ کار جاری

ہفتہ 2 اپریل 2016 14:22

اسلام آباد /لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی منظوری کے بعد انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد کیلئے ضوابط کار جاری کر دیا گیا ، وزرا، حکومتی مشیر، اسپیکر، ڈپی سپیکر، معاونین خصوصی سمیت حکومتی عہدیدار کو مستعفی ہوئے بغیر پارٹی انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہو گی۔

گزشتہ روز تحریک انصاف کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد کیلئے جاری کردہ ضوابط کار کے مطابق پہلے مرحلے میں تحصیل سے مرکز کی سطح تک انتخابات کروائے جائیں گے۔ دوسرے مرحلے میں یونین کونسلز، فاٹا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں انتخابات منعقد ہوں گے۔مرکز کی سطح پر چیئرمین جبکہ باقی مقامات پر صدارت کی نشست کیلئے ووٹنگ کروائی جائے گی۔

(جاری ہے)

یونین کونسل سے مرکز کی سطح تک کے انتخابات میں متعلقہ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز ووٹ ڈالنے کے مجاز ہوں گے ۔ضوابط کار کے مطابق منتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور بلدیاتی اراکین انتخابات میں حصہ لے سکیں گے۔ وزرا، حکومتی مشیر، اسپیکر، ڈپی سپیکر، معاونین خصوصی سمیت حکومتی عہدیدار کو مستعفی ہوئے بغیر پارٹی انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہو گی۔

الیکشن کمیشن موبائل یا خفیہ بیلٹ میں سے جسے بھی مناسب سمجھے گا اس کے ذریعے ووٹنگ کروانے کا مجاز ہو گا۔ضوا بطہ کار کے مطابق پارٹی قیادت 2سالہ مدت کیلئے منتخب کی جائے گی، عام یا مقامی حکومتوں کے انتخابات کے انعقاد،سیلاب ور دیگر ناگہانی آفات کی صورت میں الیکشن کمیشن منتخب تنظیموں کی مدت میں ایک برس تک کی توسیع کا فیصلہ کرنے کا بھی مجاز ہو گا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات