فیصل آباد ،جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے کارکنان کا کرپشن فری مہم کے سلسلہ میں جامع مسجدمحمدمدینہ ٹاؤن سے سوساں روڈ فیضان چوک تک احتجاجی مظاہرہ

جمعہ 1 اپریل 2016 22:17

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم اپریل۔2016ء) جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے کارکنان نے کرپشن فری مہم کے سلسلہ میں جامع مسجدمحمدمدینہ ٹاؤن سے سوساں روڈ فیضان چوک تک احتجاجی مظاہرہ کیا۔جس کی قیادت جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے ضلعی صدرراناعدنان خاں، جماعت اسلامی کے ضلعی نائب امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ،انجم اقبال بٹ،یوتھ ونگ کے ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری عمر فاروق گجر،نائب صدر محمد آصف عطاتھیم،پی پی67کے صدروقاص مجید، میاں محمدخالداوردیگرنے کی۔

مظاہرہ میں نوجوانوں کی کثیرتعداد شریک تھی۔ جنہوں نے بینرزاورجھنڈے اٹھارکھے تھے اورکرپشن سے کے خلاف شدیدنعرہ بازی کررہے تھے۔شرکاء مظاہرہ سے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن سے بڑھ کر وطن عزیزکیلئے اور کوئی خطرہ نہیں ہے ،کرپٹ اور بدیانت لوگوں سے آزادی کیلئے نوجوانوں کو ایک بڑی تحریک کیلئے اٹھناہوگا ،راناعدنان خان نے کہاکہ کرپشن کے خلاف جماعت اسلامی کی تحریک کے مقاصد سیاسی نہیں بلکہ قومی ہیں۔

(جاری ہے)

کرپشن فری پاکستان ایجنڈا ملک و قوم کو بحرانوں سے نکال کر ایک نئے عزم کے ساتھ قومی وقار کو بحال کرنے اور ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنے کا ایجنڈا ہے۔ محبوب الزماں بٹ نے کہا کہ کرپشن فری پاکستان مہم کے ذریعے نوجوانوں کویہ پیغام دینے جارہے ہیں کہ اگرنوجوان چاہیں گے تو اس ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے ،لہذانوجوان کارکن ہرگلی محلہ تک پہنچ کر لوگوں کو اس ناسور کے خلاف منظم کریں ، چوہدری عمرفاروق گجر نے کہاکہ ملک میں موجود کرپٹ نظام سے نوجوانوں کو نجات دلائیں گے ، اگر لوٹی گئی قومی دولت ملکی بنکوں میں آ جائے تو ہمیں کسی بیرونی قرضے کی ضرورت نہ رہے اور پاکستان حقیقی معنوں میں ایک خوشحال اور آزاد ملک بن جائے ۔

آصف عطاتھیم نے کہاکہ ملک کے مجبور و محروم نوجوانوں کو اس ظلم و جبر کے خلاف اٹھنا ہو گا۔ کوئی بھی گھیراؤ جلاؤ پر یقین نہیں رکھتا لیکن حکمرانوں نے حالات کو نہ پہچانا تو جھونپڑیوں سے نکلنے والے لاکھو ں عوام اقتدار کے ایوانوں کا گھیراؤ کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بناناچاہتی ہے ، پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا ضامن اسلام اور نظریہ پاکستان ہے ،اسلامی پاکستان ہی خوش حال پاکستان کا ضامن ہے