فیصل آباد ،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عابد حسین قریشی اور قائمقام ڈی سی او اعجاز خالق رزاقی نے آل پنجاب ٹی ٹونٹی کرکٹ چیمپئن شپ کا افتتاح کیا

جمعہ 1 اپریل 2016 22:17

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم اپریل۔2016ء) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عابد حسین قریشی اور قائمقام ڈی سی او اعجاز خالق رزاقی نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی کرکٹ ٹیم کے زیر اہتمام آل پنجاب ٹی ٹونٹی کرکٹ چیمپئن شپ کا افتتاح کیا۔بوہڑانوالی گراؤنڈ میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر وکلاء کی 8 کرکٹ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور یہ چیمپئن شپ چار روز جاری رہے گی۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر سینئر سول جج قمر ندیم یاسین‘صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن قیصر نذیر ساہی‘سیکرٹری بار اظہر حنیف‘کیئر ٹیکراقبال سٹیڈیم نوید نذیر اور کپتانوں کے علاوہ آفیشلز اوردیگر بھی موجود تھے ۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج عابد حسین قریشی نے کرکٹ چیمپئن شپ کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ پیشہ وارانہ امور کے ساتھ ساتھ کھیلیں بھی انتہائی ضروری ہیں جس سے صحت برقرار رہتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے چیمپئن شپ کے انعقاد کے سلسلے میں منتظمین کی کاوشوں کو سراہااور کہا کہ کھیلوں کے مختلف مقابلے تسلسل کے ساتھ جاری رہنے چاہیں۔قائمقام ڈی سی او اعجازخالق رزاقی نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ٹورنامنٹ منتظمین کے لئے ایک لاکھ روپے کا اعلان کیا اور کہا کہ ضلع میں کھیلوں کے فروغ کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے مختلف ٹیموں کے مابین میچز بھی دیکھے اور کھلاڑیوں کے عمدہ کھیل کو سراہا۔

صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن قیصر نذیر ساہی نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور قائمقام ڈی سی او کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بار ایسوسی ایشن کھیلوں کی سرگرمیوں کو بھی پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔اس موقع پر بتایا گیا کہ چیمپئن شپ کے دوران روزانہ دو میچز کھیلے جائیں گے