وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول بیدیاں میں پنجاب کابینہ کا خصوصی اجلاس

پنجاب کابینہ کا دہشت گردی کے خاتمے کے بھرپور عزم کا اعادہ ، سانحہ لاہور کی شدید مذمت جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی کیلئے دعا ، جاں بحق ہونے والے مسیحی افراد کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی

جمعہ 1 اپریل 2016 21:58

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول بیدیاں میں پنجاب کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا-پنجاب کابینہ کے اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمے کے بھرپور عزم کا اعادہ کیا گیا اورسانحہ گلشن اقبال پارک کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی-اجلاس میں دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی جبکہ مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے جاں بحق افراد کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی- پنجاب کابینہ کے اجلاس میں دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کااظہار کیا گیا- وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی بقاء دہشت گردی کے خاتمے میں مضمر ہے اور ہم پوری قوت سے اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے- دہشت گردی کے خاتمے سے بڑھ کر اور کوئی ترجیح نہیں ہو سکتی اور اس مقصد کے لئے جو کچھ بھی بن پڑا میں وہ سب کچھ کروں گا ، قوم کو دہشت گردی سے نجات دلانے اور ملک کو امن کا گہوارہ بنانا ایک چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے اور میں اس چیلنج سے نمٹنے کے لئے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹوں گا - صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے اور نیشنل ایکشن پلان پر پوری تندہی سے عملدرآمد جاری ہے جس کے بڑے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں - ہم نے دہشت گردوں پر زمین تنگ کر دی ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ہم ان کا تعاقب جاری رکھیں گے- پنجاب کابینہ نے سانحہ گلشن اقبال پارک کے زخمیوں کی دیکھ بھال میں ڈاکٹروں ، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی انتھک کاوشوں کی بھی تعریف کی جبکہ امدادی سرگرمیوں میں انتظامیہ ، پولیس اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو بھی سراہا گیاکہ اس المناک سانحہ میں متعلقہ اداروں نے جس فرض شناسی کا مظاہرہ کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی-ہوم سیکرٹری نے کابینہ اجلاس میں سانحہ گلشن اقبال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جبکہ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ و میڈیکل ایجوکیشن نے ہسپتالوں میں زخمیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کے حوالے سے آگاہ کیا-پنجاب کابینہ کے اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب خضرحیات گوندل کی صوبے کے عوام کے لئے خدمات کو بھی سراہا گیا-اس موقع پر وزیر اعلی نے کہا کہ خضرحیات گوندل محنت، ایماندار اور فرض شناس آفیسر ہیں جنہوں نے اپنے فرائض احسن طریقے سے ادا کئے ہیں -