دہشتگردی کو مخصوص داڑھی پگڑی برقعے میں ملبوس خواتین اور رکشے میں سفر کرنے والوں سے منسوب کرناقابل مذمت ہے ، حافظ حمد اﷲ

جمعہ 1 اپریل 2016 21:42

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم اپریل۔2016ء ) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما و سنیٹر حافظ حمد اﷲ نے کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں دہشتگردی ایک لعنت ہے لیکن دہشتگردی کو مخصوص داڑھی پگڑی برقعے میں ملبوس خواتین اور رکشے میں سفر کرنے والوں سے منسوب کرناقابل مذمت ہے ۔آج اگر کشمیر آزادہے تو اس سہرا مذہب سے محبت کرنے والے پٹھانوں کو جاتا ہے۔

دراصل اس کے ذریعے ایسا کرنے والے پوری دنیا تاثر دیا جارہا ہے اگر دہشتگرد پگڑی اور داڑھی والوں کو کہا جاتا ہے تو سب سے بڑا دہشتگرد مجھے کہا جاسکتا ہے ۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز بات چیت کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ اپنے ملک کے رہنے والوں کی شعوری طور پر تذلیل کی جارہی ہے یہ تذلیل صرف ہماری نہیں بلکہ پوری ریاست کی ہورہی ہے اس ملک میں اگر دیکھا جائے تو موجودہ صورت حال میں صرف دو طبقے پگڑی اور داڑھی کا خیال رکھتے ہیں پٹھان اورمذہبی طبقے ۔

(جاری ہے)

برصغیر سے انگریز کونکالنے میں انہی دو طبقوں نے قربانی دی ہے جن میں سرفہرست دارالعلوم دیوبند کے بزرگ تھے یا پھر اس سے پہلے شیخ الہند یا غفار خان تھے انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے یہاں سے انگریز کو نکالنے کے لیے قربانی دی ہے اوررکشمیر اگر آج آزاد ہے تو اس کاسہرا انہی پٹھانوں اور قبائلوں کو جاتا ہے کہ ان کی قربانیوں کی نتیجے میں کشمیر کو آزادی ملی ۔

ریاست نے تو دہشتگردوں کی حلیے بتادیے ہیں لیکن امریکن دہشتگرد ریمنڈ ڈیوس کی تصویر کہی پر آویزاں نہیں کی ہے ۔ انہوں نے دن دھاڑے انہوں نے لاہور میں لوگوں کو شہید کیا اس کی تو نہ داڑھی تھی اور نہ ہی پگڑی تھی ان کو دہشتگرد کہنے کے بجائے ہم نے اسے پروٹوکول کے ساتھ کابل اور امریکہ بھیجوادیا ۔بینظیر بھٹو پر جس دہشتگرد نے حملہ کیا اس کی تو نہ داڑھی تھی اور نہ ہی پگڑی تھی ۔

انہوں نے کہا کہ کرنل امام خود کہتے تھے کہ میں نے مدارس کے طلباء کو ٹریننگ دی ہے جو کہ سہولت کاری کے زمرے میں آتا ہے ۔ کراچی میں 12مئی کو مشرف کے جلسے کی خوشی میں پچاس کے قریب لاشیں گرائی گئی اور اس وقت ڈکٹیٹر نے ہاتھ ہلاکر کہا کہ یہ عوامی طاقت کا مظاہرہ تھا گویا انہوں نے خود یہ قتل نہیں کیا لیکن وہ سہولت کار کے طور پر پیش آئے ہم اس نتیجے پر پہنچتے ہیں کہ ملک میں دہشتگردی کے تمام تر ذمہ داری مشرف پر عائد ہوتی ہے تو مشرف کی تصویر کیوں کسی اشتہار میں نہیں دی جاتی ہے ۔ صرف داڑھی اور پگڑی کی لوگوں کی تذلیل کی خاطر دہشتگردی ان سے منسوب کی جارہی ہے۔