سیدنا ابوبکر صدیق ؓ کے یوم وفات پر مدح صحابہ جلوس ، ہزاروں افراد کی شرکت

یوم صدیق اکبر ؓ پر صدر وزیر اعظم کا بیان نہ آنا قابل افسوس ہے،علامہ اورنگزیب فاروقی

جمعہ 1 اپریل 2016 21:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم اپریل۔2016ء) سیدنا ابوبکرصدیق ؓ کے یوم وفات پر عام تعطیل اور سرکاری سطح پر نہ منانے خلاف اہل سنت والجماعت کے تحت روایتی مدح صحابہ مطالباتی جلو س لسبیلہ چوک سے تاج کمپلیکس تک نکالا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں عوام الناس نے شرکت کی،جلوس لسبیلہ چوک، گرومندر،نمائش چورنگی سے ہوتا ہواتاج کمپلیکس پہنچا جس میں شرکاء نے سیدنا ابوبکر صدیق ؓ کی عظمت پر فلک شگاف نعرے بلند کئے جلوس کے اختتام پر مرکزی صدر اہل سنت والجماعت پاکستان علامہ اورنگزیب فاروقی ، علامہ رب نواز حنفی ، علامہ تاج محمد حنفی ، مولانا خالد محمود، مولانا فاروق ساجد ، مولانا عادل عمر، مولانا طارق مسعود و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خلیفہ بلافصل سیدنا ابوبکر صدیق ؓ وہ عظیم صحابی رسول ہیں جن کے سینے میں نبی ﷺ اپنے راز منتقل کردئیے تھے ،سیدناابوبکرصدیق ؓ کی زندگی ہمارے اور حکمرانوں کے لئے مشعل راہ ہے ، انبیاء کے بعد تمام انسانوں میں سب سے افضل ترین شخصیت سیدنا ابوبکر صدیق ؓ کی ہے ، عظیم المرتبت شخصیت کے یوم وفات کو سرکاری سطح پر نہ منا نا اور عام تعطیل کا اعلان نہ کرنا افسوسناک ہے ان کا کہنا تھا کہ ہولی اور ایسٹر جیسے تہواروں پر چھٹی کرنااور یوم صدیق اکبر ؓپر عام تعطیل کا اعلان نہ کرنا سمجھ سے بالا تر ہے، یوم صدیق اکبر ؓپر صدر،وزیر اعظم ،وزرائے اعلیٰ کے بیانات کا نہ آنا قابل افسوس ہے ،اس موقعہ پر علامہ اورنگزیب فاروقی نے کہاکہ ہم یکم محرم الحرام یوم شہادت سیدنا عمر فاروق ؓ پر عام تعطیل کرنے پرسندھ حکومت کاشکریہ ادا کرتے ہیں لیکن اگر سندھ حکومت سیدنا ابوبکر صدیق ؓ کے یوم وفات پر بھی عام تعطیل کا اعلان کرتی تو عوام میں ان کی قدر و اہمیت میں اضافہ ہوتا ،ساتھ ساتھ یہ تاریخ ساز مدح صحابہ جلوس لاہور سانحہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور جنرل راحیل شریف کا ایرانی صدرکو دو ٹوک جواب دینا قابل تحسین ہے ، سیاسی قیادت بھی پاکستان کی سلامتی کے معاملہ پر آئیں بائیں شائیں سے کام نہ لے بلکہ دو ٹوک مضبوط موقف اختیار کرے۔