آل پاکستان مسلم لیگ خیبرپختونخوا کونسل کا اجلاس ، صوبائی قیادت کی مرکزی قیادت کو جماعت کی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ

خیبر پختونخوا میں جماعت حیرت انگیز رفتار سے آگے بڑھ رہی ہے ،صوبائی راہنماؤں کی کارکردگی سے مطمئن ہیں ، ملک کے دیگر صوبوں کی طرح کے پی کے میں بھی دیگر جماعتیں ناکام ہوچکی ہیں، سیکرٹری جنرل اے پی ایم ایل ڈاکٹر امجدکاخطاب

جمعہ 1 اپریل 2016 21:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم اپریل۔2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ خیبرپختونخواہ کی صوبائی کونسل کا اجلاس پارٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد کی زیرصدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سینئر نائب صدر میجر جنرل(ر)راشد قریشی، مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل مہرین ملک آدم ، مرکزی رابطہ سیکرٹری سید مصطفی شاہ، خیبرپختونخواہ کے چیف آرگنائزر ریاض خان، صوبائی صدر اورنگزیب مہمند، صوبائی جنرل سیکرٹری سرمیرخان، یوتھ ونگ کے صوبائی صدر حسن شہزاد اور دیگر صوبائی قیادت نے شرکت کی۔

اجلاس میں پارٹی کی صوبائی قیادت نے مرکزی قیادت کو صوبہ بھر میں پارٹی کی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی۔ مرکزی قیادت کو بتایا گیا کہ پارٹی صوبہ بھر میں تیزی سے منظم اور فعال ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

پارٹی عہدیداران اور کارکنان جنرل(ر)پرویز مشرف کا پیغام گھر گھر پہنچا رہے ہیں۔ صوبہ بھر کے عوام کی طرف سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے، بہت جلد آل پاکستان مسلم لیگ صوبے کی بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئے گی۔

پارٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ہماری جماعت حیرت انگیز رفتار سے آگے بڑھ رہی ہے۔ہم صوبائی راہنماؤں کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔اس وقت ملک کے دیگر صوبوں کی طرح کے پی کے میں بھی دیگر جماعتیں ناکام ہوچکی ہیں۔ووٹ لینے کے بعد منتخب جماعتیں عوام کو بھول چکی ہیں۔عوام آج بھی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ انہوں نے پارٹی راہنماؤں کو ہدایت کی کہ جلد از جلدپارٹی کو صوبہ بھر کے گاؤں دیہاتوں تک پھیلائیں۔

ہم نے پارٹی سربراہ جنرل(ر) پرویز مشرف کو ان کی واپسی پر ایک مضبوط اور فعال پارٹی دینی ہے۔ صوبے میں دیگر پارٹیوں کی ناکامی سے بننے والا خلا ہماری جماعت پر کرے گی۔انہوں نے کہا کہ مفاد پرست حکمرانوں نے ملک کو برباد کردیا ہے۔ جنرل(ر)پرویز مشرف کے دور میں ملک نے تاریخی ترقی کی تھی مگر آج ہمارا ملک کہیں پیچھے رہ گیا ہے۔ حکمرانوں کے پاس نہ تو کوئی ویژن ہے اور نہ ہی مسائل کا حل کہ ملک چلا سکیں۔ان کی ناعاقبت اندیشی کی بنا پر قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔ عوام کی توقعات حکمرانوں سے اٹھ چکی ہیں اور وہ بے تابی سے جنرل(ر)پرویز مشرف کا انتظار کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف ہی ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالیں گے ۔

متعلقہ عنوان :