’’را‘‘ کے گرفتار ایجنٹوں سے تمام معاملات کی تحقیقات ہونی چاہیے،یہ سب شریف فیملی کے مودی خاندان سے کاروباری مراسم کا شاخسانہ ہے، ’’را‘‘ کے ایجنٹ کی گرفتاری کے معاملے پر حکومت کا معذرت خوانہ انداز شرمناک ہے

جمعیت علمائے اسلام کے سیکرٹری اطلاعا ت حافظ حسین احمدکی صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 1 اپریل 2016 21:22

جیکب آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم اپریل۔2016ء) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ کے جو ایجنٹ اور افسر گرفتارہو ئے ہیں ان معاملات کی تحقیقات ہونی چاہیے،شریف خاندان کے ساتھ مودی خاندان کے جو کاروباری مراسم ہیں یہ جو کچھ ہوا اس کا شاخسانہ ہے، ’’را‘‘ کے ایجنٹ کی گرفتاری کے معاملے پر حکومت نے جو کا معذرت خوانہ انداز اپنایا ہے وہ شرمناک ہے، جس طرح مودی بغیر ویزہ کے آئے تھے اسی طرح رمضان شوگر مل سے بھارتی ایجنٹوں کی گرفتاری نے کئی سوالیہ نشان پیدا کردئیے ہیں۔

وہ جمعہ کے روز ڈسٹرکٹ پریس کلب جیکب آباد کے صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پٹھان کوٹ کے حوالے سے شریف حکومت نے ایف آئی آر بھی کٹوادی لیکن رنگے ہاتھوں گرفتار ہونے والے بھارتی جاسوس کی تحقیقات کے حوالے سے خاموشی اور عدم تعاون سے لگتا ہے کہ حکمران ملکی سالمیت سے زیادہ اپنے کاروباری مراسم اور تعلقات کو اہمیت دے رہے ہیں، وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کی خفیہ شادی کے حوالے سے کئے گئے سوال کے جواب میں حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ اب میاؤں کے ساتھ خواجہ سرا بھی اس حمام میں بے لباس نظر آرہے ہیں، میڈیا ہاوسز میں خربوزے کو دیکھ کر خربوزہ رنگ بدل رہا ہے لیکن انہیں اس کے انجام کی طرف بھی دیکھنا ہوگا۔

(جاری ہے)

پشاور میں چوہا مار مہم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ حکومت نے لوگوں کو چوہے مارنے کے کام پر لگا دیا ہے حالانکہ ’’چوہا مار‘‘ مہم کے لیے ’’بلے‘‘ کی ضرورت ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک کی مصروفیات بھی انہی کی طرح انوکھی ہیں، حافظ حسین احمد نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی ٹی 20ورلڈ کپ میں شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ ٹیم کی شکست کا ذمہ دار نواز شریف ہو یا نہ ہو البتہ ’’نام نہاد‘‘ شریف ضرور ہیں۔

متعلقہ عنوان :