ئی جی سندھ کا اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کا دورہ پیشہ وارانہ معیاراور دہشت گردی کے خلاف آپریشنز کو سراہا

جمعہ 1 اپریل 2016 20:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم اپریل۔2016ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ اے ڈی خواجہ نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ سندھ پولیس کے پیشہ وارانہ معیار کے سلسلے میں انتظامی، انسداد دہشت گردی آپریشنزکے سلسلے میں کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔انھوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کی دوپہر اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ہیڈ کوارٹرکے مختلف شعبوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔

اے آئی جی سیکیورٹی اسپیشل سیکیورٹی یونٹ نے مختلف شعبوں بشمول پرامس آف پیس پروجیکٹ (Promise of Peace Project)، عوام کو اس کے فوائداور انتظامی کارکردگی کے طریقہ کار ، سیکیورٹی وژن- 2020 ، پولیس ایمرجنسی رسپونس سینٹر- 911 کے قیام سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔انسپکٹر جنرل آف پولیس نے اے آئی جی سیکیورٹی مقصود احمد کی جانب سے پرامس آف پیس پراجیکٹ شروع کرنے پر ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دے کر کہا کہ اس پروجیکٹ کوجلدعملی جامع پہنایا جائے۔

(جاری ہے)

اے آئی جی سیکیورٹی نے مزید بتایا کہ انسداد دہشت گردی کی یونیورسٹی قائم کی جائے گی جس کے ذریعے بین الاقوامی معیار کی ریسرچ اور پڑھائی کے مواقع میسر ہونگے اوردہشت گردوں کی جانب سے نت نئے طریقوں سے متعلق آگاہی دی جائے گی۔یونیورسٹی میں پولیس کے افسران و اہلکاروں کو جدید تربیتی سہولتیں میسر ہونگی تاکہ دہشت گردوں کی جانب سے نت نئے طریقوں سے آگاہی حاصل کی جاسکے۔

مقصود احمد نے کہا کہ پرامس آف پیس پراجیکٹ دہشت گردوں کے خلاف جاری نیشنل ایکشن پلان کی کامیابی میں مدد گار ثابت ہوگا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ پولیس فیسیلیٹیشن سینٹر قائم کیے جائیں گے جو چوبیس گھنٹے شہریوں کو رہنمائی اور مسائل کے حل کے لیے سہولت فراہم کریں گے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہوسکے۔ مقصود احمدنے مزید بتایا کہ ایس ایس یو میں ملک کی پہلی اسپیشل ویپنس اینڈ ٹیکٹکس ٹیم (S.W.A.T)قائم کردی گئی ہے جو اعلیٰ معیار کے تربیت یافتہ کمانڈوز، جدید اسلحہ، مواصلاتی نظام سے لیس ہیں اور چوبیس گھنٹے کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔

انھوں نے مزید بتایا کہ یونائیٹڈ کنگڈم ایکریٹیڈیشن سسٹم UKAS برطانیہ کی جانب سے بین الاقوامی معیار کے مطابق دہشت گردی آپریشنز ، اہم تنصیبات اور اہم شخصیات کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے بین الاقوامی معیار رکھنے پرایس ایس یو کو ISOسرٹیفیکیٹ جاری کیا گیاہے جوکہ ملک میں قانون نافذ کرنے والے پہلے ادارے کو دیا گیا ہے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس اے ڈی خواجہ نے افسران اور کمانڈوزکے اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار اور دہشت گردوں کی کاروائی کے خاتمے، امن وامان کو برقرار رکھنے کے لیے تندہی اور لگاؤ سے فرائض انجام دینے کے جذبے کو سراہا۔

اے ڈی خواجہ نے فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے والے کمانڈوز کو خراج عقیدت پیش کیا۔آئی جی پولیس سندھ نے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا افسران وکمانڈوز سے ان کی پیشہ وارانہ تربیت اور دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے اور مسلح افراد کے خلاف مؤثر کاروائی کے لیے ان کی صلاحیت سے آگاہی حاصل کی۔قبل ازیں آئی جی سندھ کو ایس ایس یو آمد پر ایس ایس یو کے اسپیشل دستے نے سلامی پیش کی۔بعد ازاں انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ اے ڈی خواجہ نے(S.W.A.T) ٹیم کے کمانڈوز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف فرضی مشقوں کا مظاہرہ بھی دیکھا۔

متعلقہ عنوان :