واٹر بورڈنے سرجانی ٹاؤن میں مکینوں کو فلٹر شدہ صاف پانی فراہم کرنے کے لئے الٹراوائلٹ فلٹر پلانٹ قائم کردیا

جمعہ 1 اپریل 2016 20:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم اپریل۔2016ء) واٹر بورڈنے سرجانی ٹاؤن میں مکینوں کو فلٹر شدہ صاف پانی فراہم کرنے کے لئے 10 ہزار گیلن پانی روزانہ کا الٹرا وائلٹ فلٹر پلانٹ 5 لاکھ روپے کی لاگت سے قائم کردیا جس سے مفت پانی فراہم کیا جائے گاتاکہ علاقہ کے لو گوں کو بلا تفریق صاف پانی فراہم کیا جاسکے جو واٹر بورڈ کی پالیسی ہے یہ فلٹر پلانٹ سرجانی (گڈاپ) پمپنگ اسٹیشن پر قائم کیا گیا ہے جبکہ مذکورہ پمپنگ اسٹیشن کی بھی تزئین و آرائش کے ساتھ ساتھ نئے پمپس لگا دئے گئے ہیں ، پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے مہمان خصو صی مصباح الدین فرید نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ فلٹر پلانٹ لگا نے کا مقصد یہ ہے کہ عام طور پر پانی ذخیرہ کرنے کے ٹینکوں کی صفائی کرانے کا رحجان مو جود نہیں ہے جس کی وجہ سے واٹر بورڈ کافلٹریشن اور کلو رینینشن کے عمل سے صاف کیا گیا پانی آلودہ ہو نا ممکن ہے ، اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی، وسیم قریشی، عبداﷲ شیخ ،نومنتخب چیئرمین سرور اقبال ،ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل سر وسز افتخار احمد خان،چیف انجینئر جمیل اختر، سپر نٹنڈنگ انجینئر ویسٹ اویس ملک/ ظفر پلیجو ، ایگزیکٹو انجینئر ناصر صدیقی، دیگر افسران اور علاقے کے لوگ بڑی تعداد میں مو جود تھے ایم ڈی واٹر بورڈ نے مزید کہاکہ سر جانی ٹاؤن میں پانی کی شدید قلت پر قابو پانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں اسی لئے پمپنگ اسٹیشن کی بھی تزئین نو کی گئی ہے اس کے علاوہ جن علاقوں میں خاص طور پر خدا کی بستی تیسر ٹاؤن میں جہاں واٹر سپلائی نہیں ہے وہاں لائنوں سے پانی پہنچایا جائے گا سرجانی ٹاؤن میں خدا کی بستی ، تیسر ٹاؤن سمیت کثیر آبادی کے حامل علا قے مو جود ہیں جبکہ بڑی تیزی سے کثیر المنزلہ عمارتیں تعمیر کی جارہی ہیں جس کے لئے اضافی پانی کی ضرورت ہے جبکہ یہ علاقہ حب ڈیم سے 100 ملین گیلن پانی کی عدم فراہمی کے باعث پانی کی قلت کا شکار ہے اسی لئے ضلع غربی کے پانی کی قلت واے علاقوں میں 100 پانی کی عوامی ٹنکیاں تعمیر کی جارہی ہیں جن میں ٹینکرزکے ذریعے پانی فراہم کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ فراہمی و نکاسی آب کی سہولتوں کی فراہمی میں نہ صرف منتخب نمائندوں بلکہ ڈپٹی کمشنر ویسٹ نے ہمیشہ تعاون کیا ہے جبکہ واٹر بورڈ کے افسران اور اسٹاف جن کی پانی کی منصفانہ تقسیم کی ذمہ داری ہے وہ بہتر طور پر دستیاب پانی کی منصفانہ تقسیم کے ذریعے بہتر خدمات انجام دے رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ایکسین ناصر صدیقی کی کو ششیں باعث تحسین ہیں جن کی وجہ سے اس علاقہ میں پانی کی فراہمی بہتر ہو رہی ہے ،اس موقع پر انہوں نے محنتی اور دیانت دار اسٹاف کے لئے دو ماہ کا اوور ٹائم دینے کا اعلا ن کیا ، دریں اثنا اراکین صوبائی اسمبلی وسیم قریشی اور عبداﷲ شیخ نے واٹر بورڈ کی فلٹر پلانٹ لگا نے پر کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ علاقہ خصو صی توجہ کا مستحق ہے اور یہاں کا اسٹاف اور افسران ذاتی توجہ سے پانی کی فراہمی کو ممکن بنا رہے ہیں تاہم اضافی پانی کی ضرورت ہے ،انہوں نے فراہمی و نکاسی آب کی سہولتوں کی فراہمی کے معاملات میں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور ایم ڈی واٹر بورڈ کی جانب سے سرجانی (گڈاپ) کو پانی کی فراہمی کے لئے بھر پور تعاون کے لئے ان کا بھر پور شکریہ اد ا کیا ، SE اویس ملک نے اس موقع پر کہا کہ فلٹر پلانٹ لگا نے کا مقصد علاقے کے لوگوں کو صاف شفاف پانی فراہم کرنا ہے اسی لئے ہم نے یہ ماڈل فلٹر پلانٹ لگا یا ہے اور پمپنگ اسٹیشن پر اضافی پمپس بھی لگا دئے گئے ہیں ،اس موقع پر ایم ڈی واٹر بور ڈ نے ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل سروسز واٹر بورڈ سے گزارش کی کہ وہ ریٹائرمنٹ کے لئے لی گئی LPR لینے کا فیصلہ منسوخ کر دیں کیونکہ واٹر بورڈ کو ان جیسے محنتی ، تجر بہ کار اور دیانت دار سینئر افسر کی ضرورت ہے کیو نکہ یہ سسٹم کو بلک ،ڈسٹری بیوشن ،واٹر ٹرنک مین کے شعبوں میں کوآرڈی نیشن کے ذریعے پانی کی منصفا نہ تقسیم کو ممکن بنا رہے ہیں ، قبل ازیں ایم ڈی واٹر بورڈ کا ان کی آمد پر اسٹاف اور علاقے کے لوگوں نے ان کا پر جوش خیر مقدم کیا جس پر ایم ڈی واٹر بورڈ نے کہا کہ میں اس پذیرائی پر انتہائی مشکور ہوں اور میری ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ فراہمی و نکاسی آب کو بہتر سے بہتر بنایاجائے ، بعد ازاں ایم ڈی واٹر بورڈنے منتخب نمائندوں اور افسران کے ہمراہ فلٹر پلانٹ کا افتتاح کیا اور پمپنگ اسٹیشن کا معائنہ کیا۔

متعلقہ عنوان :